بلدی انتخابات سے کانگریس پارٹی خوفزدہ نہیں: اتم کمار ریڈی

,

   

Ferty9 Clinic

انتخابی شیڈول کی اجرائی میں خامیاں، الیکشن کمیشن پر حکومت کا دبائو
حیدرآباد۔ 26 ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے بلدی انتخابات کے انعقاد کے سلسلہ میں اسٹیٹ الیکشن کمیشن کے رویہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ایک دن قبل وارڈس کے تحفظات کا اعلان کرتے ہوئے دوسرے ہی دن پرچہ نامزدگیوں کے ادخال کا کام کس طرح ممکن ہو پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے برسر اقتدار پارٹی کے دبائو میں انتخابی شیڈول جاری کردیا ہے۔ کانگریس پارٹی سائنٹیفک انداز میں انتخابات منعقد کرنے کا مطالبہ کررہی ہے۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ ایسے قائدین جنہوں نے ایک بھی الیکشن میں کامیابی حاصل نہیں کی وہ کانگریس کے خلاف زبان کھول رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے سب زیادہ انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے۔ کانگریس کو انتخابات پر نہیں بلکہ نوٹیفکیشن کے طریقہ کار پر اعتراض ہے۔ الیکشن کمیشن کے پروگرام کے مطابق جس دن وارڈس کے ریزرویشن کا اعلان کیا جائے گا اس کے دوسرے ہی دن پرچہ نامزدگی داخل کرنے ہوں گے۔ سیاسی جماعتوں کو ریزرویشن کے مطابق امیدواروں کے انتخاب میں دشواری ہوسکتی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ فہرست رائے دہندگان کو قطعیت دیئے بغیر الیکشن شیڈول کس طرح جاری کیا گیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ وہ ریزرویشن کے اعلان اور پرچہ نامزدگی کے ادخال کے درمیان وقفہ دیئے جانے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کبھی بھی انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ نہیں کیا۔ ٹی آر ایس قائدین غیر ضروری الزام تراشی کے ذریعہ عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس بلدی انتخابات کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے اور اسے یقین ہے کہ پارٹی شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے خوفزدہ کانگریس نہیں بلکہ ٹی آر ایس ہے جس نے الیکشن کمیشن کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی ہے۔