کرما گوڑہ میں مسجد کے روبرو کھلا مین ہول ، ایک ماہ مصلیوں کو مشکلات
حیدرآباد : پرانے شہر میں کارکردگی کی بنیاد پر مقامی جماعت مجلس اپنے امیدواروں کو دوبارہ منتخب کرنے کی عوام سے اپیل کر رہی ہے لیکن کرما گوڑہ کے علاقہ میں مسجد معراج کے روبرو حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس کا کھلا مین ہول گزشتہ تقریباً ایک ماہ سے مصلیوں کیلئے خطرہ بن چکا ہے لیکن مقامی کارپوریٹر نے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی۔ مسجد کے باب الداخلہ کے سامنے واٹر ورکس کا مین ہول ٹوٹ چکا ہے جس کے نتیجہ میں کئی حادثات پیش آئے ۔ حادثات کی روک تھام کیلئے وہاں رکاوٹ کھڑی کردی گئی جو ٹریفک میں خلل کا سبب بن رہی ہے۔ تاریکی میں مسجد کو آنے والے مصلیوں کو مین ہول میں گرنے کا خطرہ برقرار ہے۔ مقامی افراد نے بتایا کہ اس سلسلہ میں حکام اور متعلقہ کارپوریٹر سے بارہا نمائندگی کی گئی لیکن مین ہول بند نہیں کیا گیا۔ دلچسپ بات تو یہ ہے کہ مسجد کی ملگی میں متعلقہ کارپوریٹر کا آفس ہے اور وہ دن میں کئی گھنٹے دفتر میں گزارتے ہیں لیکن مسجد کے روبرو مین ہول کو بند کرنے پر توجہ نہیں دی گئی ہے۔