مقدمات کے باعث انتخابات میں تاخیر ، ناگی ریڈی اسٹیٹ الیکشن کمشنر کا اجلاس سے خطاب
حیدرآباد ۔ 10 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : ریاستی الیکشن کمشنر تلنگانہ مسٹر ناگی ریڈی نے کہا کہ عدالتوں میں زیر تصفیہ بعض کیسیس کی وجہ سے ریاست میں بلدی انتخابات منعقد کرنے میں کسی قدر تاخیر ضرور ہوئی ہے اور مقررہ مدت کے مطابق ہی ریاست میں بلدی انتخابات منعقد کرنے کا عدالت نے مشورہ دیا ۔ جس کی روشنی میں ہی مقررہ مدت کے مطابق ہی تلنگانہ میں بلدی انتخابات منعقد کرنے کے لیے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ آج یہاں تلنگانہ کے میونسپل کارپوریشن کمشنروں کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر ناگی ریڈی ریاستی الیکشن کمشنر نے انتخابات کا انعقاد ، ووٹر لسٹ بلدی وارڈز از سر نو حد بندی و دیگر موضوعات پر تفصیلی اظہار خیال کیا اور بتایا کہ عدالت نے ریاستی حکومت کو تلنگانہ میں بلدی انتخابات منعقد کرنے کی ہدایت دی اور اس ہدایت پر عمل آوری کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے متعلق عملی اقدامات کے ایک حصہ کے طور پر 14 جولائی کو قطعی ووٹر لسٹ جاری کی جائیگی ۔ ریاستی الیکشن کمشنر نے عہدیداروں ( میونسپل کارپوریشن کمشنرس ) کو قوانین کے مطابق بلدی انتخابات منعقد کرنے کی ہدایات دیں اور کہا کہ کل یعنی 11 جولائی کے دن عہدیداران بلدیہ مقامی سطح پر سیاسی جماعتوں کے قائدین کے ساتھ اجلاس طلب کر کے بلدی انتخابات کے تعلق سے کئے جانے والے انتظامات سے واقف کروائیں گے ۔ علاوہ ازیں 12 جولائی کو بلدی انتخابات کے سلسلہ میں انتخابی ڈیوٹی انجام دینے والے عہدیداروں ملازمین کے لیے ٹریننگ کلاسیس منعقد کئے جائیں گے ۔ ریاستی الیکشن کمشنر نے عہدیداران متعلقہ کو ووٹر لسٹ ہر ایک کے لیے دستیاب رکھنے کی ہدایت دی اور 14 جولائی کو بہر صورت قطعی ووٹر لسٹ جاری کی جانی چاہئے ۔ اس اجلاس میں کمشنر و ڈائرکٹر ریاستی بلدی نظم و نسق شریمتی سری دیوی نے بھی اجلاس میں شرکت کر کے اپنا اظہار خیال کرتے ہوئے شیڈول کے مطابق بلدی وارڈز کی از سر نو حد بندی کر کے مختصر وقفہ میں بلدی انتخابات منعقد کرنے کے لیے کئے جانے والے اقدامات پر اظہار تشکر کیا اور عہدیداران متعلقہ سے انتخابات کے پرامن و شفاف انداز میں انعقاد کے لیے تیار رہنے کی پر زور خواہش کی ۔۔
