تلگو دیشم اقلیتی قائدین کی چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات
حیدرآباد۔16 ۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ تلگو دیشم کے اقلیتی قائدین نے پارٹی کے قومی صدر این چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کی اور مجوزہ میونسپل انتخابات میں اقلیتوں کو 20 فیصد ٹکٹ مختص کرنے کی اپیل کی۔ اقلیتی سیل کے اجلاس کے بعد پارٹی قائدین نے چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کرتے ہوئے اقلیتوں کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ تلگو دیشم پارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی ہے اور سیکولرازم کے استحکام کیلئے قومی سطح پر مساعی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ طلاق ثلاثہ بل کی تلگو دیشم نے مخالفت کی تھی۔ اقلیتی سیل کے صدر تاج الدین نے کہا کہ ملک میں اقلیتوں پر مظالم میں اضافہ ہوچکا ہے اور فرقہ پرست طاقتیں بے لگام ہوچکی ہیں۔ انہوں نے مرکزی حکومت پر فرقہ پرست طاقتوں کی حوصلہ افزائی کا الزام عائد کیا۔ صدر تلگو دیشم نے یقین دلایا کہ تلنگانہ کے بلدی انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم میں اقلیتوں کو مناسب حصہ داری دی جائے گی۔
