بلدی انتخابات میں بی سی طبقہ کو زائد ٹکٹوں کا مطالبہ

   

عام زمرہ کی نشستیں الاٹ کی جائیں، ہنمنت راؤ کی پر یس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جنوری (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد اور سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی سے مطالبہ کیا کہ بلدی انتخابات میں محفوظ نشستوں کے علاوہ عام زمرہ کی نشستوں میں پسماندہ طبقات کو موثر نمائندگی دی جائیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ محفوظ نشستیں پسماندہ طبقات کو الاٹ کرنا پارٹی کی مجبوری ہے لیکن حقیقی معنوں میں ہمدردی کا اظہار جنرل نشستوں کے الاٹمنٹ سے کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر پسماندہ طبقات کے ساتھ ناانصافی کی شایت ہے۔ پسماندہ طبقات کی آبادی 50 فیصد سے زائد ہے اور وہ کانگریس کی تائید کے حق میں ہیں، لہذا صدر پردیش کانگریس کو چاہئے کہ وہ بی فارمس کی تقسیم میں عام زمروں کی نشستوں کیلئے بی سی قائدین کو ترجیح دیں۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات میں سیاسی شعور بیدار کرنے کیلئے موثر نمائندگی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اتم کمار ریڈی کو مشورہ دیا کہ نشستوں کے الاٹ کے سلسلہ میں ایک دن شخصی طور پر نگرانی کریں۔ ہنمنت راؤ نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی تلنگانہ میں سیاسی فائدہ کیلئے کانگریس اور ٹی آر ایس میں ملی بھگت کا الزام عائد کر رہی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی میں خفیہ سمجھوتہ ہوچکا ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں میں ٹی آر ایس نے نریندر مودی حکومت کے ہر فیصلہ کی تائید کی جن میں نوٹ بندی ، جی ایس ٹی ، طلاق ثلاثہ ، کشمیر سے 370 کی برخواستگی ، صدر جمہوریہ اور نائب صدر کے انتخابات میں تائید شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام حقائق سے بخوبی واقف ہیں اور وہ بلدی انتخابات میں ٹی ار ایس کو سبق سکھائیں گے ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی میں بی سی طبقات کو تحفظات کا سہرا آنجہانی ڈاکٹر ایم چنا ریڈی کے سر جاتا ہے ۔ جنہوں نے چیف منسٹر کی حیثیت سے پسماندہ طبقات کے تحفظات کا فیصلہ کیا۔