دیہی علاقوں میں کیڈر مستحکم، صدر تلنگانہ تلگو دیشم ایل رمنا کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلگو دیشم پارٹی تلنگانہ کے بلدی انتخابات میں تنہا مقابلہ کرے گی ۔ تلنگانہ تلگو دیشم کے صدر ایل رمنا نے بلدی انتخابات کی حکمت عملی کو قطعیت دینے کیلئے پارٹی کے سینئر قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا تھا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انتخابات میں کسی سے مفاہمت کئے بغیر تنہا مقابلہ کیا جائے کیونکہ دیہی علاقوں اور بنیادی سطح پر تلگو دیشم کا کیڈر مستحکم ہے۔ اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایل رمنا نے کہا کہ بلدی انتخابات میں بہتر مظاہرہ کا قائدین کو یقین ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ سے تلگو دیشم کا صفایا کرنے کیلئے اگرچہ کئی سازشیں کی گئیں لیکن پارٹی کیڈر مضبوط اور مستحکم ہے۔ بلدی انتخابات کے سلسلہ میں ریاستی سطح کی الیکشن کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدی انتخابات میں ٹھوس حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔ حال ہی میں لوک سبھا حلقوں کی بنیاد پر کمیٹیاں قائم کی گئیں۔ میونسپل سطح پر علحدہ کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہے، رمنا نے بتایا کہ مقامی قائدین کو پارٹی کے امکانات کا جائزہ لیتے ہوئے مقامی مضبوط قائدین کو امیدوار بنانے کا اختیار دیا گیا ہے ۔ میونسپل اور لوک سبھا حلقہ کی کمیٹیوں کا فیصلہ قطعی ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں پارٹی کو مستحکم کرنا قائدین کی اولین ترجیح ہے ، لہذا آزادانہ طورپر مقابلہ کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ 15 قائدین پر مشتمل ریاستی الیکشن کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کی مہلت ختم ہونے کے بعد انتخابی مہم کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا ۔ رمنا نے کہا کہ تلگو دیشم دور حکومت میں جو ترقیاتی اور فلاحی کام انجام دیئے گئے ، اس کی مثال کوئی اور حکومت پیش نہیں کرسکتی۔ دیہی اور شہری علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا اعزاز تلگو دیشم پارٹی کو حاصل ہے۔ تلگو دیشم کے قیام کے بعد حیدرآباد میں امن و ضبط کی صورتحال پر قابو پالیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو نے حیدرآباد ، سکندرآباد اور سائبر آباد کی ترقی میں اہم رول ادا کیا ہے۔ رمنا نے کہا کہ تلنگانہ معاشی بدحالی کا شکار ہے جس کے نتیجہ میں ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات ٹھپ ہوچکی ہے۔ تلگو دیشم نے ویژن 2020 ء تیار کیا تھا جس پر عمل آوری کے ذریعہ ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔ صدر تلگو دیشم نے کہا کہ خالص عوامی خدمت کے جذبہ کے تحت کام کرنے والی واحد پارٹی تلگو دیشم ہے۔ سماج کے تمام طبقات بالخصوص کمزور اور پسماندہ طبقات کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بلدی انتخابات میں عوام تلگو دیشم کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناتے ہوئے خدمت کا موقع دیں گے۔ جائزہ اجلاس میں شریک قائدین نے امیدواروں کے انتخاب اور انتخابی مہم کے سلسلہ میں مختلف تجاویز پیش کیں۔ بتایا جاتا ہے کہ پارٹی کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والے قائدین کو ٹکٹوں کی تقسیم میں ترجیح دے سکتی ہے۔