رائے دہندوں میں تحائف کی تقسیم ، نائب صدر پردیش کانگریس ملو روی کا الزام
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جنوری (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے الزام عائد کیا کہ بلدی انتخابات میں کامیابی کیلئے ٹی آر ایس سرکاری مشنری اور دولت کا بے دریغ استعمال کر رہی ہے۔ غیر جمہوری طریقے اختیار کرتے ہوئے ٹی آر ایس بلدی انتخابات میں کامیابی کی خواہاں ہے۔ پردیش کانگریس کے نائب صدر ڈاکٹر ملو روی نے برسر اقتدار پارٹی پر جمہوریت کا خون کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ عوامی ناراضگی اور شکست کے خوف سے غیر جمہوری طریقے استعمال کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس قائدین کی جانب سے رقم ، شراب اور تحفے تحائف رائے دہندوں میں تقسیم کئے جارہے ہیں۔ انتخابی مہم کے اختتام کے بعد ان سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا تاکہ عوام کو ٹی آر ایس کے حق میں ووٹ دینے کے لئے راغب کیا جاسکے ۔ ملو روی نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن اور پولیس کی خاموشی باعث حیرت ہے۔ ملو روی نے کہا کہ اگر عوام ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے مطمئن اور ترقیاتی کاموں سے متاثر ہیں تو پھر رائے دہندوں ووٹ کیلئے رشوت دینے ضروری کیوں پیش آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہندوں کو دولت اور تحفوں کے ذریعہ متاثر کرنے کی کوشش کرپشن کا حصہ ہے ۔ ٹی آر ایس نے انتخابی عمل کو کرپٹ بنادیا ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوگئی جس کے نتیجہ میں عوام سخت ناراض ہیں۔ ٹی آر ایس کو اح ساس ہوچکا ہے کہ بلدی انتخابات میں جسے شکست کا سامنا کرنا پڑے گا لہذا دولت ، شراب اور تحائف کی تقسیم کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کانگریس کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ چوکس رہیں اور غیر جمہوری طریقوں کے خلاف آواز بلند کریں۔ ٹی آر ایس کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہرگز اجازت نہ دی جائے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناکر ٹی آر ایس کو سبق سکھائیں۔