وینکٹ ریڈی، عزیز پاشاہ اور ویرابھدرم کی شرکت، عوام کے بنیادی مسائل کی یکسوئی کا تیقن
حیدرآباد۔ گریٹر حیدرآباد بلدی انتخابات میں سی پی آئی اور سی پی ایم کی انتخابی مہم کا آغاز ہوچکا ہے۔ حمایت نگر بلدی ڈیویژن میں سی پی آئی امیدوار چھایہ دیوی کی تائید میں سینئر قائدین نے پدیاترا کرتے ہوئے گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں سے ملاقات کی۔ بلدی انتخابات میں بائیں بازو کی دونوں جماعتیں مشترکہ طور پر مقابلہ کررہی ہیں۔ انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے سی پی ایم کے ریاستی سکریٹری ٹی ویرا بھدرم نے ٹی آر ایس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ حکومت شہر میں بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی میں ناکام ہوچکی ہے۔ بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے آج تک کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی جس کے نتیجہ میں حالیہ بارش نے سیلاب کی شکل اختیار کرلی اور عوام کو بھاری نقصان ہوا۔ ویرا بھدرم نے کہا کہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ حیدرآباد میں فرقہ پرست طاقتوں کو شکست دی جائے جو کمیونل ایجنڈہ کے ساتھ قدم جمانے کی کوشش کررہے ہیں۔ سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس، کانگریس، بی جے پی اور مجلس شہر کی ترقی اور عوامی مسائل کی یکسوئی میں ناکام ہوچکے ہیں۔ یہ پارٹیاں شہر کے بارے میں بلند بانگ دعوے کررہی ہیں لیکن عوام آج بھی مسائل کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی فائدے کیلئے ان جماعتوں نے ہمیشہ جھوٹے وعدے کئے۔ غریب بستیوں میں صحت و صفائی کے ناقص انتظامات اور صاف پینے کے پانی کی سربراہی میں حکومت اور مذکورہ سیاسی جماعتیں ناکام ہوچکی ہیں۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بائیں بازو کی جماعتوں کے امیدواروں کو منتخب کریں جو دن رات عوامی مسائل کیلئے جدوجہد کرتے رہے ہیں۔ غریب بستیوں بالخصوص سلم علاقوں کی ترقی کیلئے بائیں بازو جماعتوں کی جدوجہد کی مثال کوئی اور پارٹی پیش نہیں کرسکتی۔ سابق رکن پارلیمنٹ سید عزیز پاشاہ نے کہا کہ تالابوں، جھیلوں اور پارکس پر ناجائز قبضوں نے حیدرآباد کی خوبصورتی کو تباہ کردیا ہے۔ تالابوں پر قبضوں کے نتیجہ میں سیلاب کا پانی مکانات میں داخل ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے متاثرین کی امداد میں حکومت ناکام ثابت ہوئی خاص طور پر عثمان نگر مہیشورم کے علاقہ میں گزشتہ دو ماہ سے مکانات پانی میں گھرے ہوئے ہیں لیکن عوامی نمائندوں اور حکومت کو پانی کی نکاسی کی کوئی فکر نہیں ہے۔ پدیاترا کے دوران عوام نے سی پی آئی اور سی پی ایم امیدواروں کے حق میں ووٹ کے استعمال کا تیقن دیا۔ انتخابی مہم میں جنرل سکریٹری ریاستی اے آئی ٹی یو سی وی ایس بوس، سی پی آئی کے سٹی سکریٹری ای ٹی نرسمہا، سی پی ایم کے اسٹیٹ سکریٹریٹ ممبر ڈی جی نرسنگ راؤ، سی پی ایم سنٹرل زون سکریٹری سرینواس، شریمتی سوجنا، شریمتی جوتی منیلا کے علاوہ یوتھ اسٹوڈنٹس اور کلچرل تنظیموں سے وابستہ نمائندوں نے حصہ لیا۔