بلدی انتخابات میں عوام ٹی آر ایس کو مسترد کردیں

   

عوامی مسائل نظر انداز، ترجمان کانگریس ڈی شراون کا بیان
حیدرآباد ۔ 24 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ترجمان ڈاکٹر ڈی شراون نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس اور بی جے پی کو مسترد کردیں کیونکہ دونوں پارٹیوں نے عوامی توقعات کو پورا نہیں کیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی شراون نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں مرکزی اور ریاستی حکومت نے میونسپلٹیز اور کارپوریشن کے مسائل کو نظر انداز کردیا ۔ عوامی ضروریات کی تکمیل کیلئے دونوں حکومتوں نے فنڈس جاری نہیں کئے ۔ لہذا دونوں پارٹیوں کو ووٹ مانگنے کا اخلاقی حق نہیں ہے ۔ شراون نے کہا کہ بی جے پی قائدین بلند بانگ دعویٰ کر رہے ہیں لیکن انہیں اس بات کی وضاحت کرنی چاہئے کہ مرکز کی جانب سے تلنگانہ کو کتنا فنڈ منظور کرایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدی نظم و نسق میں ہزاروں کروڑ کی منظوریاں دی گئیں لیکن صرف چند سو کروڑ روپئے کے کام انجام دیئے گئے۔ انہوںنے کہا کہ بلدیات کو فنڈس جاری کئے بغیر ٹی آر ایس عوام سے تائید کی امید کر رہی ہے۔ میونسپل الیکشن میں گمراہ کن بیانات کے ذریعہ عوامی تائید حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ شراون نے کہا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس دونوں نے مایوس کیا ہے۔ دونوں پارٹیوں کی حکومتوں نے شہری علاقوں کے مسائل کو نظر انداز کردیا ۔ بی جے پی اسمارٹ سٹی کے قیام کا دعویٰ کر رہی ہے لیکن آج تک ورنگل کے لئے فنڈس جاری نہیں کئے گئے ۔ شراون نے کہا کہ بلدی انتخابات میں عوام تمام حقائق کا جائزہ لینے کے بعد اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے ۔