بلدی انتخابات میں فائدہ کیلئے غیر متاثرین میں امداد کی تقسیم

   

سیلاب کے متاثرین امداد سے محروم، کانگریس ترجمان شراون کا الزام
حیدرآباد: آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ترجمان ڈاکٹر ڈی شراون نے الزام عائد کیا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات میں ووٹ حاصل کرنے کیلئے ٹی آر ایس کی جانب سے ہر گھر کو 10 ہزار روپئے تقسیم کئے جارہے ہیں۔ شراون نے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں بارش اور سیلاب سے ہوئی تباہی کی آڑ میں برسر اقتدار پارٹی کے ارکان اسمبلی اور کارپوریٹرس گھر گھر جاکر 10 ہزار روپئے حوالے کر رہے ہیں اور آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس کو ووٹ دینے کی اپیل کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو حقیقی متاثرین کی امداد سے کوئی مطلب نہیں ہے بلکہ انتخابات میں کامیابی کے لئے غیر متاثرین میں رقم تقسیم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے متاثرہ علاقوں میں ہزاروں خاندان آج بھی حکومت کی امداد سے محروم ہیں۔ حکومت نے متاثرہ خاندانوں کیلئے فوری امداد کے طور پر 10,000 روپئے کا اعلان کیا تھا لیکن یہ رقم متاثرین کے بجائے ٹی آر ایس کے حامیوں میں تقسیم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کے نام پر ٹی آر ایس نے ابھی سے انتخابی سرمایہ کاری شروع کردی ہے اور سرکاری رقم کا سیاسی فائدہ کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی علاقوں میں ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی اور کارپوریٹرس کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ 10 ہزار روپئے کے عوض بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس کو ووٹ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری عہدیدار ان سرگرمیوں پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں ۔ شراون نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ متاثرین میں امداد کی تقسیم پر وائیٹ پیپر جاری کرے۔