حیدرآباد۔11ستمبر(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں ہونے والے مجوزہ بلدی انتخابات میں تاریخ دہرائے گی۔ بلدیات کے نگران قائدین اپنے علاقوں میں سرگرم کارکنوں کو متحرک کردیں اور پارٹی کی جانب سے حکمت عملی تیار کرتے ہوئے انہیں جلد رہنمایانہ خطوط جاری کئے جائیں گے۔ کارگذار صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی کے ٹی راما راؤ نے آج تلنگانہ بھون میں پارٹی قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے اجلاس کے دوران یہ بات کہی اور کہا کہ جلد ریاست میں بلدی انتخابات منعقد ہونے والے ہیں اور ان انتخابات میں بھی تلنگانہ راشٹر سمیتی کو عوام کی بھاری تائید حاصل رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی فلاحی اسکیمات کو عوام تک پہنچانے میں پارٹی کارکنوں اور قائدین کا اہم کردار ہوتا ہے۔