بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس کی یکطرفہ کامیابی یقینی : وزیر پنچایت

   

حیدرآباد۔/15جنوری، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر پنچایت راج و دیہی ترقیات مسٹر ای دیاکر راؤ نے پرزور الفاظ میں محبوب آباد میونسپل کونسل کے علاوہ دیگر بلدیات میں منعقد ہونے والے انتخابات میں برسراقتدار تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی یکطرفہ بھاری اکثریت سے کامیابی یقینی ہے۔ وزیر موصوف نے آج ضلع کے تورور میونسپلٹی کے وارڈ نمبر 9 میں اپنی انتخابی مہم چلاتے ہوئے گھر گھر تشہیری پروگرم میں حصہ لیا اور گھر گھر پہنچ کر ریاستی تلنگانہ حکومت کی جانب سے روبہ عمل لائی جانے والی عوامی فلاح و بہبودی اسکیمات اور پروگراموں کی تفصیلات سے عوام کو واقف کروایا اور کہا کہ ملک کی کوئی اور ریاستوں میں روبہ عمل نہ لائی جانے والی اسکیمات و پروگراموں کو چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ اپنی خصوصی دلچسپی کے ذریعہ روبہ عمل لانے کے اقدامات کررہے ہیں۔ مسٹر ای دیاکر راؤ نے مزید کہا کہ ریاست تلنگانہ میں روبہ عمل لائی جانے والی مختلف عوامی فلاح و بہبود کی اسکیمات و پروگرامس ملک کی دیگر ریاستوں کیلئے مثالی ثابت ہورہے ہیں۔ اس طرح ریاست تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں ترقی کے میدان ( شعبہ ) میں تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ مسٹر دیاکر راؤ نے بلدیات کی ترقی کیلئے عوام سے اپنا قیمتی ووٹ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے امیدواروں کو دیگر بھاری اکثریت سے منتخب کرنے کی پرزوراپیل کی۔ وزیر موصوف کے گھر گھر تشہیری مہم کے موقع پر تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے دیگر قائدین بھی موجود تھے۔