جمہوریت کو داغدار کردیا گیا، بھٹی وکرامارکا کا بیان
حیدرآباد۔24 جنوری (سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے الزام عائد کیا کہ بلدی انتخابات جمہوری انداز میں منعقد نہیں ہوئے۔ برسر اقتدار پارٹی نے رقم اور شراب کا استعمال کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں کی ہیں۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ بلدی انتخابات دراصل رقم شراب اور کانگریس پارٹی کے درمیان مقابلہ تھا۔ انتخابات دراصل سیاسی جماعتوں کے درمیان نہیں ہوئے بلکہ کانگریس کا مقابلہ ٹی آر ایس کی دولت اور شراب کی تقسیم سے ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہندوں میں شراب اور دولت کی تقسیم کے علاوہ تحفے تحائف تقسیم کئے گئے تاکہ ٹی آر ایس کے حق میں ووٹ حاصل کئے جاسکیں۔ کے سی آر نے بدعنوانیوں کے ذریعہ جو ہزاروں کروڑ کمائے ہیں انہیں ووٹ حاصل کرنے کے لیے خرچ کیا گیا۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ ٹی آر ایس نے انتخابی بے قاعدگیوں کے ذریعہ جمہوریت کا خون پیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں فائدہ حاصل کرنے کیلئے شراب کی کاروباری کو سرگرم کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نے اپنی سرگرمیوں کے ذریعہ انتخابی عمل کو داغدار بنادیا ہے۔ جمہوریت میں عوام کو اپنی پسند کے امیدواروں کے انتخاب کا حق دیا جانا چاہئے۔ لیکن ٹی آر ایس نے دولت اور طاقت کے ذریعہ ووٹ خریدنے کی کوشش کی ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ کانگریس کارکنوں نے ٹی آر ایس کی دھاندلیوں کا بھرپور انداز میں مقابلہ کیا۔ انہوں نے انتخابات میں کانگریس کے بہتر نتائج کی امید ظاہر کی اور کہا کہ کارکنوں کو حوصلے کے ساتھ کام کرنا چاہئے۔