آتشبازی و مٹھائی کی تقسیم، وزراء اور عوامی نمائندوں کی شرکت
حیدرآباد۔/25 جنوری، ( سیاست نیوز) ریاستی وزراء اور ٹی آر ایس کے سینئر قائدین نے بلدی انتخابات میں پارٹی کی شاندار کامیابی پر مسرت کا اظہار کیا۔ صبح سے پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ تلنگانہ بھون میں موجود تھے اور انتخابی نتائج کا جائزہ لے رہے تھے۔ پارٹی کے سینئر قائدین کے ہمراہ کے ٹی آر نے مختلف اضلاع کے قائدین سے ربط قائم کیا اور معلومات حاصل کی۔ نتائج جیسے جیسے منظر عام پر آتے گئے تلنگانہ بھون میں پارٹی قائدین اور کارکنوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا۔ دوپہر میں جب منظر صاف ہوگیا اور کارپوریشنوں اور میونسپلٹیز میں ٹی آر ایس کو واضح اکثریت ثابت ہوگئی تو جشن کا آغاز ہوا۔ پارٹی کارکنوں نے آتشبازی کی اور مٹھائی تقسیم کی۔ کارکنوں کو رقص کرتے ہوئے دیکھا گیا جو ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کررہے تھے۔ کئی وزراء نے تلنگانہ بھون پہنچ کر کے ٹی راما راؤ کو مبارکباد پیش کی۔ کامیابی کی مسرت میں تلنگانہ بھون جشن کا منظر پیش کررہا تھا۔ اسی دوران ریاستی وزراء ٹی ہریش راؤ، ای راجندر، اے اندرا کرن ریڈی، پرشانت ریڈی، ستیہ وتی راتھوڑ، نرنجن ریڈی کے علاوہ سابق رکن پارلیمنٹ کویتا نے پارٹی کارکنوں کو مبارکباد پیش کی اور نتائج کو کے سی آر کی قیادت پر عوامی اعتماد کا مظہر قرار دیا۔ سوشیل میڈیا پر اپنے پیامات میں وزراء نے کہا کہ عوام نے ہر الیکشن میں ٹی آر ایس کو کامیابی سے ہمکنار کیا ہے۔ ریاست بھر میں ٹی آر ایس کی لہر چل رہی ہے۔ قائدین نے کے سی آر اور کے ٹی آر کو مبارکباد پیش کی۔ سابق رکن پارلیمنٹ و تلنگانہ جاگرتی کی بانی کے کویتا نے سوشیل میڈیا پر ٹی آر ایس کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے عوام سے اظہار تشکر کیا۔ کویتا نے کہا کہ تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد اور پارٹی کے حامیوں سے نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہوں جنہوں نے انتخابات میں کامیابی کیلئے کڑی محنت کی۔ کے ٹی آر نے اپنے ٹوئیٹ میں کے سی آر کی قیادت پر دوبارہ اعتماد کے اظہار کیلئے تلنگانہ عوام سے اظہار تشکرکیا۔ انہوں نے کہا کہ 120 میں 100سے زائد میونسپلٹیز پر کامیابی اور تمام 9 میونسپل کارپوریشنوں میں ٹی آر ایس کی کامیابی قابل ستائش ہے۔ وزیر فینانس ہریش راؤ نے ٹوئیٹر پر شاندار نتائج کیلئے عوام کو مبارکباد پیش کی اور انتخابی مہم میں محنت کرنے والے وزراء، ارکان اسمبلی، ارکان پارلیمنٹ ، دیگر عوامی نمائندوں اور کارکنوں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ سنہرے تلنگانہ کا قیام کے سی آر کی قیادت میں صرف ٹی آر ایس سے ممکن ہے اس کا ثبوت عوام نے اپنے فیصلہ کے ذریعہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں کامیابی ٹی آر ایس کے حصہ میں آئے گی اس کا ثبوت پھر ایک بار نتائج سے مل چکا ہے۔ انہوںنے کے سی آر اور پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ کو مبارکباد پیش کی۔