بلدی انتخابات میں کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی

   

Ferty9 Clinic

حکومت کی کارکردی سے عوام مطمئن ،بی آر ایس اور بی جے پی عوام کے اعتماد سے محروم، : پونم پربھاکر
حیدرآباد ۔15 ۔ جنوری (سیاست نیوز) ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ و بی سی طبقات پونم پربھاکر نے کہا کہ گرام پنچایت کے انتخابات میں کانگریس پارٹی پھر ایک مرتبہ ریاست میں نئی تاریخ درج کرے گی۔ کریم نگر کے ایک مندر میں خصوصی پوجا کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ کانگریس کے دو سالہ دور حکومت کی کارکردگی سے ریاست کے عوام پوری طرح مطمئن ہیں۔ حیدرآباد کے اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے ضمنی انتخابات اور ریاست کے گرام پنچایت کے انتخابات میں کانگریس کی کامیابی سے یہ واضح ثبوت مل گیا ہے کہ عوام ریونت ریڈی حکومت کی کارکردگی سے پوری طرح مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں بی آر ایس پارٹی اپنا وجود کھوچکی ہے۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں ریاست کو ترقی دینے اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے کے بجائے کے سی آر حکومت نے ریاست کو لوٹ لینے کی کوشش کی ہے جس کی وجہ سے تلنگانہ 8 لاکھ کروڑ روپئے کی مقروض ہوگئی ہے۔ ریاست کا مالی موقف کمزور ہونے کے باوجود کانگریس حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کو ایک ایک کر کے پورا کر رہی ہے۔ بڑے پیمانہ پر اندراماں ہاؤزنگ اسکیم پر کامیابی سے عمل کیا جارہا ہے۔ بڑے پیمانہ پر راشن کارڈس جاری کئے گئے ہیں۔ خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ کسانوں کے قرض معاف کئے گئے ہیں۔ دیہی ضمانت روزگار اسکیم کو نقصان پہنچانے کیلئے مرکزی حکومت ایک منظم سازش کے تحت کام کر رہی ہے۔ اس اسکیم سے گاندھی جی کا نام ہٹاتے ہوئے مودی حکومت نے بہت بڑی غلطی کی ہے۔ کانگریس پار ٹی اس کے خلاف ملک بھر میں ایک احتجاج کر رہی ہے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ ریاست میں بی جے پی کا بھی کوئی اثر و رسوخ نہیں ہے ۔ بی آر ایس اور بی جے پی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرنے کے بجائے تنقید برائے تنقید کے تحت حکومت کو بدنام کرنے کیلئے جھوٹے الزامات عائد کئے جارہے ہیں لیکن ریاست کے عوام سمجھدار ہیں، ان دونوں جماعتوں کی افواہوں پر ہرگز بھروسہ نہیں کریں۔2