گھر گھر کانگریس کے تحت پرچم کشائی، اتم کمار ریڈی، بھٹی وکرامارکا ، محمد علی شبیر اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد۔/27 جولائی، ( سیاست نیوز) میونسپل انتخابات سے قبل کانگریس پارٹی کو متحرک کرنے کیلئے گھر گھر کانگریس مہم کا آج سے آغاز کیا گیا ہے۔ اس مہم کے تحت ہر گاؤں میں کانگریس پارٹی کا پرچم لہرایا جائے گا اور عوام کو پارٹی کے قریب لانے کی کوشش کی جائے گی۔ ریاست بھر میں اس پروگرام کے بڑے پیمانہ پر انعقاد اور کامیابی کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی کے علاوہ ضلع کانگریس صدور، سابق صدور پردیش کانگریس، سابق وزراء اور سابق ارکان اسمبلی نے مختلف اضلاع میں پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے پرچم کشائی انجام دی اور کارکنوں سے خطاب کیا۔ سنگاریڈی میں منعقدہ پردیش کانگریس کمیٹی کے اجلاس میں یہ پروگرام طئے کیا گیا تھا۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا اس پروگرام کی گرانی کررہے ہیں۔ تمام میونسپل ہیڈ کوارٹرس پر اہم قائدین نے پرچم کشائی انجام دی۔ کانگریس کے ہیڈکوارٹر گاندھی بھون کو موصولہ اطلاعات کے مطابق جنگاؤں میں سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا نے پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے پرچم کشائی انجام دی۔ اس پروگرام کے ذریعہ کانگریس کارکنوں میں نیا جوش پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے حضور نگر، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے مدھیرا ٹاؤن، سابق فلور لیڈر محمد علی شبیر نے کاماریڈی، رکن کونسل جیون ریڈی نے جگتیال، رکن اسمبلی سریدھر بابو نے منتھنی، ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر نے کریم نگر، سابق وزیر سدرشن ریڈی نے بودھن میں پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی۔ قائدین نے کہا کہ شہری علاقوں میں کانگریس پارٹی کا موقف مستحکم ہے اور حکومت کی جانب سے وعدوں کی تکمیل میں ناکامی کے سبب عوام میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی بظاہر ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کررہے ہیں لیکن ان دونوں میں خفیہ مفاہمت ہے۔ ایک دوسرے کے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے دیگر پارٹیوں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں بل کی تائید کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کے سی آر نے امیت شاہ کے کہنے پر اپنا موقف تبدیل کردیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ عوام ٹی آر ایس حکومت سے عاجز آچکے ہیں اور وہ میونسپل انتخابات میں سبق سکھائیں گے۔
