کور کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے پر زور ، پارٹی ہائی کمان کو ہنمنت راو کا مکتوب
حیدرآباد: سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے تلنگانہ میں مجالس مقامی اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں پارٹی کے بہتر مظاہرہ کو یقینی بنانے کیلئے کور کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا ، صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ، ، انچارج سکریٹریز بوس راجو اور سرینواس کرشنن کو مکتوب روانہ کیا۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ تلنگانہ میں میونسپلٹیز ، میونسپل کارپوریشن اور دیگر مجالس مقامی کے علاوہ گریجویٹ حلقوں کے انتخابات قریب ہیں۔ حکومت کسی بھی وقت میونسپل کارپوریشن حیدرآباد چناؤ کا اعلان کرسکتی ہے۔ انتخابات میں پارٹی کے بہتر مظاہرہ کیلئے قائدین اور کیڈر کو متحد رکھنا ضروری ہے۔ کانگریس کو برسر اقتدار ٹی آر ایس سے مقابلہ کیلئے وقتاً فوقتاً اپنی حکمت عملی طئے کرنی ہوگی۔ پارٹی کارکنوں میں اعتماد کی بحالی اور ان کے حوصلے بلند کرتے ہوئے انتخابات میں بہتر مظاہرہ کی توقع کی جاسکتی ہے ۔ موجودہ حالات میں اے آئی سی سی مبصرین اور انچارجس کی موجودگی میں کور کمیٹی کا اجلاس وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تلنگانہ میں پارٹی کے موقف کا جائزہ لینے اور قائدین اور کیڈر کی رائے جاننے کیلئے انچارج سکریٹریز کو اجلاس میں شرکت کرنی چاہئے ۔ ہنمنت راؤ نے اس مسئلہ پر آر سی کنتیا سے فون پر بات چیت کی ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں پارٹی کے موقف کو مستحکم کرنے کیلئے ہنمنت راؤ کور کمیٹی اجلاس کا طویل عرصہ سے مطالبہ کر رہے ہیں۔ اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات کے بعد سے ایک مرتبہ بھی کور کمیٹی کا اجلاس طلب نہیں کیا گیا۔ نئے صدر پردیش کانگریس کے انتخاب کے سلسلہ میں سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے کور کمیٹی کا اجلاس کا مطالبہ اہمیت کا حامل ہے۔
