بلدی انتخابات ‘ ٹی آر ایس کا کامیابی کا دعوی مضحکہ خیز

   

کے سی آر پر تمام انتخابی وعدے فراموش کرنے کا الزام : اتم کمار ریڈی
سوریہ پیٹ ۔ 5 جنوری (این ایس ایس) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اتم کمار ریڈی نے 10 میونسپل کارپوریشنوں اور 120 بلدیات کے 22 جنوری کو ہونے والے انتخابات میں ٹی آر ایس کی کامیابی سے متعلق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے دعوے کو مضحکہ خیز قرار دیا۔ اتم کمار ریڈی نے سوریہ پیٹ میں اتوار کو اپنی پارٹی کے کارکنوں اور قائدین کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کے سی آر پر الزام عائد کیا کہ وہ سروے رپورٹ کے نام پر عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ ٹی آر ایس قائدین جھوٹے وعدے اور بلند بانگ دعوے کرنے کے عادی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت ڈسمبر 2018ء کے انتخابات کے دوران تلنگانہ عوام سے کئے گئے ایک بھی وعدے کی تکمیل میں ناکام ہوگئی ہے۔ ایک سال گزر چکا ہے اور بیروزگار نوجوان کو تاحال نہ تو روزگار ملا ہے اور نہ ہی ماہانہ 3,106 روپئے الاؤنس ملا ہے۔ ایک لاکھ روپئے کے کراپ لونس معاف نہیں کئے گئے۔ غریبوں کیلئے ڈبل بیڈروم گھروں کی فراہمی کا وعدہ پورا ہونے کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ بالکل اسی طرح تمام ٹی آر ایس قائدین مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات، درج فہرست قبائل اور دلتوں کو 3 ایکر اراضی دینے کے وعدے بھی بھول چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ بلدی انتخابات ٹی آر ایس کو اس کی وعدہ فراموشی پر یادگار سبقت دینے کا بہترین موقع ہے۔