ٹی آر ایس ارکان مقننہ کا الزام، تمام میونسپلٹیز پر کامیابی کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 24 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس کی شاندار کامیابی کا دعویٰ کیا اور کہا کہ پردیش کانگریس کے صدر اتم کمار ریڈی الیکشن سے خوفزدہ ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ٹی آر ایس ارکان مقننہ کے پربھاکر، ایم ایس پر بھاکر اور ایس راجو نے کہا کہ انتخابی اعلامیہ کی اجرائی کے فوری بعد اتم کمار ریڈی کے رویہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ الیکشن سے قبل ہی شکست قبول کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے میونسپل ایکٹ کی دفعہ 195 کے تحت انتخابات کا اعلامیہ جاری کیا اور کمیشن خود مختار ادارہ ہے۔ صدرپردیش کانگریس نے انتخابی اعلامیہ کے خلاف عدالت سے رجوع ہونے کا اعلان کیا جو ان کی بوکھلاہٹ کو ثابت کرتا ہے ۔ کے پربھاکر نے کہا کہ اتم کمار ریڈی بلدی انتخابات کا سامنا کرنے سے گھبرا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں ٹکٹ حاصل کرنے والوں کی کمی ہوچکی ہے کیونکہ پارٹی صدر نے اپنے رویہ کے ذریعہ شکست کو قبول کرلیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی مرتبہ رکن اسمبلی اور رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے اتم کمار ریڈی میونسپل ایکٹ سے واقف نہیں ہے۔ کانگریس کو رائے دہندوں سے زیادہ عدالت پر بھروسہ دکھائی دے رہا ہے ۔ ہر الیکشن میں عدالت کو گھسیٹنا کانگریس کی عادت بن چکی ہے۔ حضور نگر میں کانگریس کی بدترین شکست سے اتم کمار ریڈی نے سبق نہیں سیکھا ۔ ٹی آر ایس ارکان مقننہ نے دعویٰ کیا کہ 120 میونسپالٹیز اور 10 کارپوریشنوں میں ٹی آر ایس کی کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں رکاوٹ پیدا کرنے سے زیادہ پارٹی کو آگے بڑھانے کی فکر اتم کمار ریڈی کو کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کسی بھی وقت انتخابات کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے اور پارٹی قائدین اور کیڈر تمام نشستوں پر کامیابی کی مساعی کر رہے ہیں۔ ٹی آر ایس قائدین نے کہا کہ حضور نگر کے ضمنی انتخابات میں بی جے پی کا جو حشر ہوا ، وہی میونسپل انتخابات میں دہرایا جائے گا۔ ایم ایس پربھاکر نے کہا کہ کانگریس قائدین کے پاس عوامی ایجنڈہ نہیں ہے اور وہ حکومت کے خلاف الزام تراشی پر انحصار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس میونسپل الیکشن سے فرار کا راستہ اختیار کر رہی ہے ۔ ہر معمولی مسئلہ کو عدالت سے رجوع کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ ایم ایس پربھاکر نے کہا کہ تمام طبقات کی بھلائی ٹی آر ایس حکومت کا بنیادی مقصد ہے۔