الیکشن کمیشن کی ہدایت پر آئندہ دو یوم میں انتخابی شیڈول کی اجرائی
حیدرآباد۔ 12نومبر(سیاست نیوز ) شہر حیدرآباد میں بلدی انتخابات 4ڈسمبر کو منعقد ہوں گے! تلنگانہ الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدی انتخابات کے سلسلہ میں دیوالی کے دوسرے دن شیڈول اور 17 نومبر کو اعلامیہ کی اجرائی کے سلسلہ میں تیاریاں کی جا رہی ہیں! بتایاجاتا ہے کہ ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدی انتخابات کے انعقاد میں کسی قسم کی تاخیر نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اب تک جو منصوبہ تیار کیا گیا ہے اس کے مطابق ریاستی الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہناہے کہ 4ڈسمبر کو مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا اور اس سلسلہ میں آئندہ دو یوم کے دوران انتخابی شیڈول اور 17 نومبر کو اعلامیہ کی اجرائی کا امکان ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدی انتخابات کے سلسلہ میں تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں لیکن کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت و برسر اقتدار پارٹی تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے بلدی انتخابات کو ٹالنے کی کوشش کی جا رہی ہے مگر الیکشن کمیشن کی جانب التواء کے سلسلہ میں کوئی رائے ظاہر نہیں کی جارہی ہے اور کہا جارہا ہے کہ کمیشن نے جو منصوبہ تیار کیا تھا اسی کے مطابق انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ریاستی الیکشن کمیشن نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کے علاوہ انتخابات کے انعقاد کے سلسلہ میں تعاون کرنے والے محکمہ جات بالخصوص محکمہ پولیس اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کے ہمراہ بھی اجلاس منعقد کرنے کاآغازکردیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ اب تک جو مراسلت اور تبادلۂ خیال کیا جا رہاہے اس کے مطابق آئندہ ماہ کے پہلے ہفتہ میں ہی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات منعقد کئے جائیں گے اور موجودہ جی ایچ ایم سی جنرل باڈی کی معیاد کے اختتام سے قبل ہی مئیر کے انتخاب کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق شہر حیدرآباد میں بلدی انتخابات کے انعقاد کے سلسلہ میں ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے محکمہ مال‘ محکمہ پولیس‘ محکمہ بلدی نظم و نسق کے علاوہ دیگر محکمہ جات کے ہمراہ انتخابات کے انعقاد کی تیاریوں کا جائزہ لیا جاچکا ہے اور کہا جارہا ہے کہ آئندہ ماہ مجوزہ بلدی انتخابات کے دوران کورونا وائرس سے احتیاط اور بچاؤ کی تمام تدابیر اور اصولوں پر عمل آوری کو یقینی بنایا جائے گا۔
بتایاجاتا ہے کہ ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے اس سلسلہ میں ریاستی حکومت کے محکمہ صحت کے عہدیداروں سے مشاورت کے علاوہ احتیاطی تدابیر کا جائزہ لیا جاچکا ہے۔