بلدی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی تیاریاں

,

   

۔150 ڈیویژنس کیلئے علیحدہ ریٹرننگ اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرس کا عنقریب تقرر
حیدرآباد۔29اکٹوبر(سیاست نیوز) ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات کے سلسلہ میں سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز کردیا گیا ہے۔ ریاستی الیکشن کمیشن نے آج کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹرلوکیش کمار کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے جی ایچ ایم سی حدود میں موجود تمام 150 ڈویژنس کے لئے علحدہ علحدہ رٹرننگ آفیسرس اور اسسٹنٹ رٹرننگ آفیسرس کے تقررات کے عمل کو جلد مکمل کیا جائے۔شہر حیدرآباد میں سیلاب کے بعد کہا جا رہا تھا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے بلدی انتخابات کو ملتوی کرنے کے اقدامات ممکن ہیں لیکن ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ احکام کے بعد ایسا محسوس ہورہا ہے کہ ریاستی حکومت مقررہ وقت پر انتخابات کے لئے تیار ہے ۔چیف الیکشن کمشنر تلنگانہ مسٹرپارتھا سارتھی نے گذشتہ ماہ کے دوران کہا تھا ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام بلدیات کے انتخابات ان کے معینہ وقت پر ہی منعقد کئے جائیں گے۔ریاست تلنگانہ میں سیلاب کی صورتحال کے بعد کی جانے والی پیش قیاس آرائیوں کو ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی الیکشن کمیشن اپنے طور پر مکمل تیار ہے اور اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ صاف و شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جائے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے ذرائع کے مطابق آئندہ ایک ہفتہ کے دوران جی ایچ ایم سی کی جانب سے ریاستی الیکشن کمیشن اور چیف الکٹورل آفیسر کو ریٹرننگ آفیسر اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر س کے تقررات کے سلسلہ میں تفصیلات روانہ کردی جائیں گی۔بتایاجاتا ہے کہ آئندہ ہفتہ کے دوران مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کا اعلی سطحی اجلاس منعقد کیا جائے گا اور اس اجلاس میں عہدیداروں کے تقرر کے سلسلہ میں احکام کی اجرائی کا جائزہ لیا جائے گا۔