بلدی انتخابات کیلئے ٹی آر ایس سوشیل میڈیا میں سرگرم

,

   

ترقیاتی کاموں کی بڑے پیمانہ پر تشہیر، قائدین اور کارکن متحرک

حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کو چار ماہ کا عرصہ باقی ہے لیکن برسر اقتدار ٹی آر ایس نے سوشیل میڈیا کے ذریعہ اپنی مہم کا عملاً آغاز کردیا ہے ۔ سوشیل میڈیا کے استعمال کے ذریعہ گریٹر حیدرآباد میں ترقیاتی سرگرمیوں کی تفصیلات عوام تک پہنچائی جارہی ہیں۔ انتخابات کے سلسلہ میں مختلف سروے رپورٹس ، بی سی ووٹرس کے رجحان اور محفوظ وارڈس سے متعلق تفصیلات کو سوشیل میڈیا پر پوسٹ کے ذریعہ پھیلایا جارہا ہے ۔ شہر میں حالیہ عرصہ میں جو ترقیاتی کام انجام دیئے گئے تھے، ان کی تفصیلات پیش کی جارہی ہے۔ عام طور پر انتخابی اعلامیہ کی اجرائی کے بعد سیاسی جماعتیں مہم کا آغاز کرتی ہیں لیکن ٹی آر ایس نے گریٹر حیدرآباد میں دوسری مرتبہ کامیابی کے مقصد سے سوشیل میڈیا کے ذریعہ مہم شروع کردی ہے۔ ٹی آر ایس کے مختلف قائدین حکومت کے ترقیاتی کاموں کی تفصیلات پوسٹ کرنے میں سرگرم ہیں۔ عوام سے ووٹ دینے کی اپیل کو چھوڑ کر بالواسطہ طریقہ سے رائے دہندوں کو ٹی آر ایس کے قریب لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بائیو ڈائیورسٹی جنکشن ، ایل بی نگر اور دیگر علاقوں میں فلائی اوورس اور انڈر پاس کی تعمیر سے متعلق تصاویر اور ویڈیوز شیئر کئے جارہے ہیں۔ غریبوں کو ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر اور درگم چیروو پر کیبل برج کی تعمیر کی بڑے پیمانہ پر تشہیر کی جارہی ہے۔ پارٹی کارکنوں اور حامیوں کو سوشیل میڈیا میں متحرک کردیا ہے۔ پارٹی کے بعض کارپوریٹرس مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کے بارے میں اپنے کارنامے واٹس ایپ گروپ میں شیئر کر رہے ہیں۔ مختلف چیانلس پر مباحث کے علاوہ یو ٹیوب چیانلس پر شہر کی ترقی کی تفصیلات قائدین کی جانب سے پیش کی جارہی ہے۔ کئی کارپوریٹرس نے مجوزہ انتخابات میں دوبارہ ٹکٹ کیلئے کے ٹی آر کے پاس پیروی شروع کردی ہے۔