مقامی سطح پر امیدواروں کا انتخاب، انتخابی مہم کیلئے علحدہ کمیٹی
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جنوری (سیاست نیوز) بلدی انتخابات میں کامیابی کیلئے کانگریس نے ریاست بھر میں قائدین اور کیڈر کو متحرک کردیا ہے ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کی صدارت میں پارٹی سینئر قائدین کا اجلاس منعقد ہوا جس میں انتخابی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا ۔ بلدی انتخابات کے سلسلہ میں ریاست کیلئے ایک انتخابی منشور جاری کیا جائے گا جس میں تمام میونسپالٹیز کے مسائل کا احاطہ کیا جائے گا ۔ اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ عوام کو بنیادی سہولتوںکی فراہمی کے سلسلہ میں انتخابی منشور میں وعدے کئے جائیں گے۔ قائدین نے انتخابی منشور کے امور کے بارے میں تجاویز پیش کیں۔ اجلاس میں ایسی میونسپالٹیز پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا جہاں کانگریس کی کامیابی کے امکانات روشن ہیں۔ کانگریس کے سینئر قائدین کو انچارج مقرر کرتے ہوئے انتخابی مہم کا آغاز کیا جائے گا ۔ پارٹی نے ہر میونسپالٹیز کی سطح پر قائدین کے اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ مقامی ضرورتوں کے مطابق انتخابی مہم کی حکمت عملی طئے کی جاسکے۔ اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ امیدواروں کا انتخاب سلیکٹ اورالیکٹ کی بنیاد پر ہوگا۔ مقامی قائدین کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ کامیابی کی صلاحیت رکھنے والے قائدین کو امیدوار بنائیں۔ کانگریس کے امیدواروں کو 20 روپئے کے بانڈ پیپر پر حلفنامہ دینا ہوگا کہ وہ کامیابی کے بعد پارٹی سے انحراف نہیں کریں گے۔ 11 اور 12 جنوری کو منتحب امیدواروں نے بی فارم تقسیم کئے جائیں گے۔ پرچہ نامزدگی کی جانچ کا عمل مکمل ہونے کے بعد بی فارم کی اجرائی عمل میں آئے گی۔ امیدواروں کے انتخاب میں مقامی رکن اسمبلی ، سابق رکن اسمبلی پی سی سی قائدین اور مقامی طور پر اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے والے قائدین کا اہم رول رہے گا۔ ریاست بھر میں انتخابی مہم کیلئے اسٹار کیمپینرس کا تقرر کیا جائے گا اور یہ ٹیم مختلف اضلاع میں پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لے گی ۔