متحدہ اضلاع کے صدور کا مشاورتی اجلاس، کے ٹی آر و دیگر کا خطاب
کاماریڈی۔ 11؍جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ بی آر ایس پارٹی نے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ اسی سلسلے میں بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے حیدرآباد میں نظام آباد اور کھمم کے متحدہ اضلاع کے پارٹی صدور اور اہم قائدین کا مشاورتی اجلاس طلب کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی لیڈر ہریش راؤ رکن راجیہ سبھا کے آر سریش ریڈی، رکن اسمبلی بالکنڈہ پرشانت ریڈی، سابق ارکان اسمبلی اور دیگر سینئر قائدین نے شرکت کی۔ اس موقع پر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں شہروں عوام کانگریس پارٹی کو سخت سبق سکھانے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ کے ٹی راما راؤ نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران کانگریس حکومت نے شہروں کو مکمل طور پر نظرانداز کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کے لیے ایک روپیہ بھی جاری نہیں کیا، جس کے باعث شہری ترقی کا پورا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی، بنیادی سہولتوں اور شہری نظم و نسق کے ہر شعبہ میں عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں اور یہی ناراضگی انتخابات میں کانگریس کے خلاف ووٹ کی صورت میں سامنے آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس حکومت نے سابق حکومت کے شروع کردہ ترقیاتی منصوبوں پر محض دوبارہ سنگ بنیاد رکھنے کے سوا کوئی نیا کام انجام نہیں دیا، جبکہ سڑکوں، کمیونٹی ہالوں، ماڈل مارکیٹس اور دیگر بنیادی ڈھانچے کے کئی منصوبے فنڈس کی عدم فراہمی کے باعث ادھورے پڑے ہیں۔انہوں نے کانگریس قیادت کو چیلنج دیا کہ وہ گزشتہ دو برسوں میں شہروں کے لیے جاری کردہ فنڈس اور انجام دیے گئے ترقیاتی کاموں کی تفصیلات عوام کے سامنے رکھ کر ووٹ طلب کرے۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کی حکمتِ عملی، ہر میونسپلٹی کی زمینی صورتحال اور تنظیمی مضبوطی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سابق ارکان اسمبلی باجی ریڈی گوردھن، گنیش گپتا، جے سریندھر، سابق ایم ایل سی وی جی گوڈ اور محمد خواجہ مجیب الدین بھی موجود تھے۔
