بلدی انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی کانگریس قائدین خوف کا شکار

   

وی پرتاپ ریڈی کے بشمول متعدد کانگریس قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت ، ہریش راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔/29 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں جاریہ ماہ کے دوران منعقد ہونے والے میونسپل ( بلدی ) انتخابات میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی تمام بلدیات میں کامیابی یقینی ہے۔ کیونکہ ریاستی ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے روبہ عمل لائی جانے والی فلاح و بہبود ی اسکیمات سے ریاست کے عوام ٹی آر ایس کی بھرپور تائید و حمایت کرکے بلدی انتخابات میں ہر جگہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں گے۔ حلقہ اسمبلی گجویل سے تعلق رکھنے والے بعض اہم کانگریس قائدین نے فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن صدر نشین وی پرتاپ ریڈی کی قیادت میں آج وزیر فینانس کی رہائش گاہ پہنچ کر تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شامل ہوجانے کا اعلان کرنے پر ان شامل ہونے والے کانگریس قائدین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر فینانس مسٹر ٹی ہریش راؤ نے پرزور الفاظ میں کہا کہ ریاست میں جاریہ ماہ منعقد ہونے والے بلدی انتخابات کا ذکر سنتے ہی کانگریس قائدین کانپ رہے ہیں اور بلدی انتخابات میں کانگریس پارٹی کی امکانی ناکامی سے خوفزدہ ہورہے ہیں۔ کیونکہ ریاست کے عوام میں دیگر سیاسی پارٹیوں کے تعلق سے کوئی مثبت تاثر یا ردعمل نہیں پایا جارہا ہے۔ انہوں نے ٹی آر ایس کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں ہر ایک کو خصوصی شناخت حاصل رہے گی اور سخت محنت و جدوجہد کرکے پارٹی کو مستحکم بنانے والوں پر چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ خصوصی نظر رکھتے ہوئے انہیں مناسب مقام اور عہدہ فراہم کرنے پر اولین ترجیح دیا کرتے ہیں۔ وزیر فینانس نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں ہر طرف تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے پرچم ہی دکھائی دیں گے کیونکہ اب دیگر پارٹیوں کے پرچم لہرانے والا ہی کوئی نہیں ہے۔