بلدی انتخابات کے سلسلہ میں الیکشن کمشنر سے آج کانگریس کی ملاقات

   

الیکٹرانک ووٹنگ مشین یا بیالٹ پیپرکے بارے میں موقف کی وضاحت
حیدرآباد۔ صدرنشین کانگریس الیکشن کوآرڈینیشن کمیٹی ایم ششی دھر ریڈی کے مطابق اسٹیٹ الیکشن کمشنر سے ملاقات کرتے ہوئے پارٹی نے ای وی ایم اور بیالٹ پیپر کے استعمال کے سلسلہ میں اپنا موقف واضح کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں سے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے چناؤ میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں یا بیالٹ پیپر کے استعمال کے بارے میں رائے طلب کی ہے۔ ششی دھر ریڈی نے کہا کہ کانگریس نے الیکشن کمیشن سے دونوں طریقہ کار کے کم سے کم نقصانات کے سلسلہ میں تفصیلات فراہم کرنے کی خواہش کی تھی لیکن ابھی تک کمیشن نے کسی بھی ردعمل کا اظہار نہیں کیا ہے۔ ششی دھر ریڈی نے بتایا کہ کانگریس پارٹی اس مسئلہ پر ماہرین سے ربط میں ہیں۔ خاص طور پر 2008 میں H1,N1 وباء سے نمٹنے والے افراد سے مشاورت جاری ہے۔ الیکشن کمیشن نے30 ستمبر تک رائے پیش کرنے کی مہلت دی ہے لہذا کانگریس قائدین کا ایک وفد چہارشنبہ کو اسٹیٹ الیکشن کمشنر سے ملاقات کرے گا۔ وفد میں پارٹی کے سینئر قائدین شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کورونا سے محفوظ طریقہ کار اختیار کرنے کی سفارش کرے گی۔