بلدی انتخابات کے شیڈول میں ظہیر آباد کی عدم شمولیت

   

بلدی حلقوں میں اضافہ سے متعلق مقدمات کے سبب عدالت کے امتناعی احکام پر عمل

ظہیرآباد ۔ 26 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی الیکشن کمیشن نے تلنگانہ میں بلدی انتخابات کے انعقاد کا شیڈول جاری کرتے ہوئے انتخابی ضابطہ اخلاق بھی نافذ کردیا ہے جبکہ جاری کردہ انتخابی شیڈول کے مطابق ضلع سنگا ریڈی میں واقع (8) کے منجملہ (7) بلدیات میں انتخابات منعقد ہوں گے لیکن بلدیہ ظہیر آباد میں ریاستی ہائی کورٹ کے حکم امتناع کے باعث انتخابی عمل شروع نہیں ہوسکے گا۔ یہاں اس بات کا تذ کرہ بے جا نہ ہوگا کہ ریاستی حکومت کے احکام کے مطابق بلدیہ ظہیر آباد سے متصلہ 5 گرام پنچایتوں علی پور ، رنجہول ، پستا پور ، ہوتی کے (خورد) اور چنا حیدرآباد کو بلدیہ ظہیر آباد میں شامل کرتے ہوئے اس کے بلدی حلقوں کو 24 سے بڑھاکر 37 کردیا گیا تھا جس کی مخالفت کرتے ہوئے بعض گرام پنچایتوں کے قائدین نے ریاستی ہائی کورٹ سے رجوع ہوکر حکم امتناع حاصل کرلیا تھا لیکن مقامی ٹی آر ایس کے سرکردہ قائدین سے بات چیت کے بعد ہوتی کے گرام پنچایت کے سوا دیگر گرام پنچایتوں کے فریقین نے مقدمات سے دستبرداری اختیار کرلی تھی اور یہ امید کی جارہی تھی کہ دیگر فریقین کی تقلید کرتے ہوئے ہوتی کے مدعیان بھی مقدمات سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے انتخابات کے انعقاد کی راہ ہموار کریں گے ۔ مگر ایسا نہیں ہوسکا، جس کے نتیجہ میں ریاستی الیکشن کمیشن نے ریاستی ہائی کورٹ کے حکم امتناع کے باعث بلدیہ ظہیر آباد کے انتخابات عمل میں لانے کے لئے احکامات جاری نہیں کئے ۔ ریاستی الیکشن کمیشن کے انتخابی شیڈول میں بلدیہ ظہیر آباد کی عدم شمولیت نے بلدی انتخابات کا بے چینی سے انتظار کرنے والے قائدین کو مایوسی سے دوچار کردیا ہے۔