بلدی انتخابات کے پیش نظر جگن۔کے سی آر ملاقات

   

ٹی آر ایس کیلئے عوامی تائید کی کوشش، کودنڈا ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جنوری (سیاست نیوز) آل انڈیا کسان کانگریس کے نائب صدرنشین ایم کودنڈا ریڈی نے الزام عائد کیا کہ بلدی انتخابات کے پیش نظر کے سی آر اور جگن موہن ریڈی کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔ تلنگانہ میں وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے حامیوں کی تائید حاصل کرنے کیلئے کے سی آر نے جگن سے ملاقات کی ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کودنڈا ریڈی نے کہا کہ عہدیداروں کے بغیر جگن کی کے سی آر سے ملاقات معنی خیز ہے۔ انہوں نے ملاقات کے درپردہ مقاصد کی وضاحت کا مطالبہ کیا ۔ کودنڈا ریڈی نے کہا کہ اگر ریاستوں کو درپیش مسائل زیر بحث آتے تو عہدیداروں کے ساتھ ملاقات کی جاتی لیکن یہ ملاقات سیاسی مقصد براری کیلئے ہے ۔ تلنگانہ میں موجود راج شیکھر ریڈی کے حامیوں کی تائید حاصل کرنے کیلئے یہ ملاقات کی گئی ۔ انہوں نے جگن موہن ریڈی کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے والد راج شیکھر ریڈی کے اصولوں سے انحراف نہ کریں۔ انہوں نے بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس پر سرکاری مشنری کے بے جا استعمال کا الزام کیا اور کہا کہ کامیابی کیلئے دولت اور اقتدار کا استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن غیر جانبدار اور آزادانہ طور پر فرائض انجام دینے سے قاصر ہے۔ حکومت کے دباؤ میں الیکشن کمیشن کام کر رہا ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت نے مجالس مقامی اور دیہی علاقوں کی ترقی کو نظر انداز کردیا۔ حکومت کی جانب سے بلدی اداروں کو فنڈس جاری نہیں کئے گئے ۔ کارپوریشنوں اور بلدیات میں جو بھی ترقی ہوئی وہ کانگریس دور حکومت میں انجام دی گئی۔ مرکزی حکومت نے مجالس مقامی کو جو فنڈس جاری کئے ، ریاستی حکومت نے روک رکھا ہے۔ کودنڈا ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر ، وزراء اور ارکان اسمبلی کو وارننگ دے کر کسی بھی طرح پارٹی کی کامیابی چاہتے ہیں۔ سابق میں کانگریس کے کسی بھی چیف منسٹر نے مجالس مقامی کے انتخابات میں مداخلت نہیں کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی میں ٹی آر ایس کی شکست سے کے سی آر کا اقتدار ختم نہیں ہوگا۔ لہذا عوام کو اپنے علاقوں کی ترقی اور بنیادی سہولتوں کے لئے کانگریس کی تائید کرنی چاہئے ۔