بلدی حلقہ بھولکپور وارڈ کے منظورہ سڑکوں کی تعمیرات پر زور

   

جناب محمد واجد حسین کی زونل کمشنر جناب روی کرن سے نمائندگی

حیدرآباد ۔ 27 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ) : بلدی حلقہ بھلک پور وارڈ کے منظورہ سڑکوں کی فوری تعمیرات کے لیے سابق کارپوریٹر بھولکپور وارڈ جناب محمد واجد حسین کی قیادت میں ایک وفد نے جی ایچ ایم سی زونل کمشنر سکندرآباد زون جناب روی کرن سے ملاقات کرتے ہوئے بھولکپور وارڈ کے مختلف محلے جات مسجد کوہ کے اطراف و اکناف ، رنگا نگر بستی دواخانہ سے پدما شالی کالونی ، صدیق نگر کپڑے کی مارکٹ روڈ ، اندرا نگر I اور III وینچرس منڈی گلی اور دیگر محلے جات کے خستہ سڑکوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ایک تفصیلی یادداشت حوالے کیے ۔ جناب محمد واجد حسین سینئیر کانگریس قائد نے مزید کہا کہ سڑکوں کی خستہ حالی سے مقامی عوام کے ساتھ ساتھ سڑکوں کو عبور کرنے والے ضعیف افراد اور چھوٹے بچے روزانہ حادثات کا شکار ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی منظوری کے بعد تساہل برتنے والے گتہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ہونے والی تکالیف سے راحت ملے ۔ زونل کمشنر جناب روی کرن نے فوری تمام حالات کا جائزہ لینے کے بعد متعلقہ عہدیداروں کو منظورہ سڑکوں کی لیسٹ اور لاپرواہ گتہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ اس موقع پر کانگریس قائدین جناب محمد عمران ، جناب شاہ رخ خاں ، جناب عبدالکریم ، اشوک اور دیگر افراد بھی موجود تھے ۔۔