مکان میں سانپ داخل ہونے کی شکایت کو نظر انداز کرنے پر دفتر بلدیہ میں سانپ چھوڑ دیا
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : بلدی حکام کی لاپرواہی کا ایک شہری نے انوکھے انداز میں منہ توڑ جواب دیا ۔ شکایت کے 6 گھنٹے بعد بھی بلدی حکام کی خاموشی پر برہم شہری نے راست بلدی دفتر پہونچکر دفتر میں سانپ کو چھوڑ دیا ۔ اس واقعہ کے بعد بلدی عملہ خوف کا شکار ہوگیا اور دیکھتے ہی دیکھتے دفتر میں افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا ۔ الوال کے شہری سمپت کی یہ حرکت سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور شہریوں نے اپنے انداز میں ردعمل ظاہر کیا۔ الوال علاقہ کے ساکن سمپت نے آج بلدی حکام کو مکان میں سانپ داخل ہونے کی شکایت کی اور اپنی شکایت میں اس نے بلدی حکام سے عاجزی منت کی کہ اس کی فوری مدد کی جائے گی تاہم 6 گھنٹے کا وقفہ گذرنے کے باوجود بھی کوئی بلدی عہدیدار اور نہ ہی بلدیہ کی کوئی ٹیم سمپت کے مکان پہونچی سمپت نے برہمی کے عالم میں سانپ کو پکڑ لیا اور تھیلے میں باندھ کر بلدی دفتر کا رخ کیا ۔ بلدی دفتر پہونچنے کے بعد اس شہری نے سانپ کو ایک عہدیدار کے ٹیبل پر رکھ دیا اور اپنا احتجاج درج کردیا ۔ گذشتہ چند روز سے جاری بارش کے سبب نشیبی علاقوں کے مکانات اور آبادیوں میں پانی داخل ہورہا ہے ۔ مکانات میں برساتی پانی کے علاوہ گندہ پانی بھی داخل ہورہا ہے جس کے ساتھ کچرا کے علاوہ سانپ بھی مکانات میں داخل ہورہے ہیں ۔ شہریوں کے ان مسائل پر حکام کی جانب سے کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے اور بلدی حکام کے دعوے شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے کھوکھلے اور بے بنیاد ظاہر ہورہے ہیں ۔۔ ع