حیدرآباد۔/7ڈسمبر، ( سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے تلنگانہ کے محکمہ بلدی نظم و نسق کے عہدیداروں پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے سلسلہ میں سرزنش کی ہے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے مجالس مقامی کے عوامی نمائندوں کی تنخواہوں میں اضافہ کے مسئلہ پر محکمہ بلدی نظم و نسق کے عہدیداروں کے اقدامات پر ناراضگی جتائی اورکارروائی کا انتباہ دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے اس بات کی توثیق کی ہے کہ عہدیداروں نے تنخواہوں میں اضافہ کے ذریعہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے جس پر الیکشن کمیشن نے برہمی کا اظہار کیا اوربلدی نظم و نسق کے پرنسپل سکریٹری اروند کمار اور سکریٹری سدرشن ریڈی کو نوٹس جاری کرنے چیف سکریٹری کو ہدایت دی ہے۔ مجالس مقامی ایم ایل سی نشستوں کے انتخابات کے نوٹیفکیشن کی اجرائی کے بعد محکمہ بلدی نظم و نسق نے مجالس مقامی کے عوامی نمائندوں کی تنخواہوں میں اضافہ کا جی او جاری کیا۔ر