بلدی چناؤ، کھمم کے 2 اسمبلی حلقہ جات میں بھٹی وکرامارکا کا روڈ شو

   

ترقی کیلئے کانگریس کو ووٹ دینے کی اپیل، 20 ہزار کروڑ کی بلدیات کو اجرائی کا دعویٰ
حیدرآباد 9 فروری (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ شہری علاقوں کی ترقی کے لئے بلدی انتخابات میں کانگریس کو کامیاب بنائیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کھمم ضلع کے مدیرا اور وائرا اسمبلی حلقہ جات میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ اُنھوں نے کارنر میٹنگس سے خطاب کیا اور رائے دہندوں سے ملاقات کی۔ بھٹی وکرامارکا نے مدیرا کو ایک ماڈل اسمبلی حلقہ میں تبدیل کرنے اور وائرا علاقہ کی ہمہ جہتی ترقی کا وعدہ کیا۔ بھٹی وکرامارکا نے وائرا سے تعلق رکھتے ہیں اور اُنھوں نے علاقہ کی ترقی کے لئے الیکشن کے بعد اسکیمات کی منظوری کا وعدہ کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہاکہ بلدی انتخابات حکومت کی 2 سالہ کارکردگی پر عوام کا فیصلہ ثابت ہوں گے، جس طرح پنچایت چناؤ میں عوام نے کانگریس کو اکثریت عطا کی، اُسی طرح کارپوریشنوں اور میونسپلٹیز پر کانگریس کا قبضہ رہے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس حکومت نے شہری علاقوں کی ترقی کے لئے 20 ہزار کروڑ سے زائد خرچ کئے ہیں۔ ہر اسمبلی حلقہ میں 3500 اندراماں مکانات کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ 200 کروڑ کے مصارف سے انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکولس تعمیر کئے جارہے ہیں۔ بھٹی وکرامارکا نے آئی ٹی آئی کو اڈوانسڈ ٹیکنالوجی سنٹر میں تبدیل کرنے کا حوالہ دیا اور کہاکہ وائرا حلقہ کے لئے پالی ٹکنک کالج کی منظوری دی گئی ہے۔ انتخابی مہم کے آخری دن بھٹی وکرامارکا نے روڈ شو کا اہتمام کرتے ہوئے کئی علاقوں کا احاطہ کیا۔ بھٹی وکرامارکا نے الزام عائد کیاکہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں کھمم ضلع کی ترقی کو نظرانداز کردیا گیا تھا۔ لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں عوام نے بی آر ایس کو مسترد کردیا۔ کھمم میں کانگریس نے سی پی آئی کے ساتھ انتخابی مفاہمت کی ہے اور راماگنڈم اور بھدراچلم میں سی پی آئی امیدواروں کی تائید کی گئی۔ بھٹی وکرامارکا نے گزشتہ 10 برسوں میں راشن کارڈس کی عدم اجرائی کا الزام عائد کیا اور کہاکہ کانگریس حکومت نے 3 کروڑ افراد کے لئے باریک چاول کی مفت تقسیم کا آغاز کیا ہے۔ اُنھوں نے رائے دہندوں کو بھروسہ دلایا کہ بلدی انتخابات کے بعد شہری علاقوں میں بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی پر حکومت توجہ مرکوز کرے گی۔1