بلدی چناؤ : ایگزٹ پول میں کانگریس کو واضح اکثریت کی پیش قیاسی

   

پیپلز پلس کا ایگزٹ پول جاری، 7 کارپوریشنوں اور 70فیصد میونسپلٹیز پر کامیابی کا امکان
حیدرآباد : 11 فبروری ( سیاست نیوز) مجالس مقامی انتخابات کے ایگزٹ پولس میں کانگریس پارٹی کو بھاری اکثریت کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ رائے دہی کی تکمیل کے فوری بعد مختلف میڈیا اداروں نے ایگزٹ پولس جاری کئے ۔ ریاست کے 7کارپوریشنس اور 116 میونسپالٹیز میں کانگریس کو تقریباً 70 فیصد نشستوں پر کامیابی کا پیپلز پلس کے ایگزٹ پول میں دعویٰ کیا گیا ہے ۔ منچریال ، راما گنڈم ، نلگنڈہ ، محبوب نگر اور کتہ گوڑم میونسپل کارپوریشنس میں کانگریس کے مضبوط مظاہرے کی پیش قیاسی کی گئی ۔ ایگزٹ پول میں بی جے پی کو کریم نگر اور نظام آباد کارپوریشنوں میں کامیابی کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔ سروے کے مطابق دونوں کارپوریشنوں میں بی جے پی واحد بڑی پارٹی بن کر ابھرے گی ۔ نظام آباد ، کریم نگر اور محبوب نگر کارپوریشنوں میں مجلس فیصلہ کن موقف میں رہے گی اور کارپوریشن پر قبضہ کیلئے کسی بھی پارٹی کو مجلس کی تائید کی ضرورت پڑے گی ۔ پیپلز پلس کے ایگزٹ پول میں بی آر ایس کو ایک بھی کارپوریشن پر کامیابی کی پیش قیاسی نہیں کی گئی ۔ راما گنڈم کارپوریشن میں کانگریس کو 30 تا 34 ، بی آر ایس 16 تا 20 ، بی جے پی 3تا 6 اور دوسروں کو 4 تا 7 نشستوں پر کامیابی کا امکان ہے ۔ منچریال میں کانگریس 39 تا 43 ، بی آر ایس 8 تا 12 ، بی جے پی 6 تا 9 اور دوسروں کو 2نشستوں پر کامیابی مل سکتی ہے ۔ کتہ گوڑم میں کانگریس 28 تا 34 ، بی آر ایس 5 تا 9 ، سی پی آئی 14 تا 16 اور دیگر 2 تا 4 نشستوں پر کامیاب ہوں گے ۔ محبوب نگر کارپوریشن میں کانگریس 26 تا 30 ، ٹی آر ایس 18 تا 22 ، بی جے پی 6 تا 8 ، مجلس 2 تا 4 اور دیگر کو ایک نشست پر کامیابی مل سکتی ہے ۔ نلگنڈہ کارپوریشن میں کانگریس 21تا 26 ، بی آر ایس 8 تا 12، بی جے پی 6 تا 10 اور مجلس کو 2 تا 4 نشستوں پر کامیابی کا امکان ہے ۔ نظام آباد کارپوریشن میں کانگریس 10 تا 16 ، بی آر ایس 2 تا 4 ، بی جے پی 26 تا 31 ، مجلس 8 تا 12 اور دیگر کو 2نشستوں کے حصول کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ کریم نگر کارپوریشن میں کانگریس 14 تا 16 ، بی آر ایس 10 تا 12 ، بی جے پی 24 تا 29 ، مجلس 6 تا 9 اور دیگر تین نشستوں پر کامیاب ہوسکتے ہیں ۔116 میونسپلٹیز میں کانگریس کو 68 تا 76 میونسپلٹیز پر کامیابی کی پیش قیاسی کی گئی جبکہ بی آر ایس 29 تا 36 اور بی جے پی 3تا 5 میونسپلٹیز پر قبضہ کرسکتی ہے ۔ 8 تا 14 میونسپلٹیز میں کانٹے کی ٹکر ہے ۔ 116 میونسپلٹیز میں کانگریس کو 36فیصد ، بی آر ایس 29.7فیصد اور بی جے پی کو 19.3فیصد ووٹ حاصل ہوسکتے ہیں ۔ایگزٹ پول میں کانگریس کو 1210 تا 1290 بلدی وارڈس پر کامیابی کی پیش قیاسی کی گئی ۔ بی آر ایس کو 860 تا 930 ، بی جے پی کو 250 تا 270 ، سی پی آئی 12 تا 17 اور سی پی ایم کو 10 تا 14 بلدی وارڈس میں کامیابی کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔1