ممبئی ۔19 اگست (یو این آئی )کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال کی قیادت میں کانگریس پارٹی کے ایک وفد نے ریاستی الیکشن کمشنر دنیش واگھمرے سے ملاقات کی اور بلدیاتی انتخابات میں وی وی پیٹ مشینوں کے استعمال کا مطالبہ کیا۔ اس وفد میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری پرفل گڈھے پاٹل، ریاستی کانگریس کے خزانچی ابھے چھاجیڈ، ڈاکٹر ذیشان حسین، عرفان پٹھان اور ناسک شہر کانگریس کے صدر آکاش چھاجیڈ شامل تھے ۔ ریاستی الیکشن کمشنر سے ملاقات کے دوران وفد نے کہا کہ انتخابی عمل کو غیر جانبدار اور شفاف طریقہ سے انجام دینا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ، لیکن موجودہ طرز کو دیکھتے ہوئے کمیشن پر سے عوام کا اعتماد متزلزل ہو گیا ہے ۔
راجیہ سبھا کی ویڈیو وائرل کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ
نئی دہلی۔ 19 اگست (یواین آئی) راجیہ سبھا میں منگل کو یہ مطالبہ کیا گیا کہ ایوان کی کارروائی سے نکالے گئے ویڈیوز کو سوشل میڈیا یا چینلز پر نشر کرنے سے روکنے کا ٹھوس انتظام کیا جائے اور اس کی خلاف ورزی کرنے والے ایوان کے رکن اور میڈیا چینل کو خلاف ورزی کے الزام میں ایوان میں طلب کیا جائے ۔بی جے پی کے رکن ڈاکٹر رادھا موہن داس اگروال نے منگل کو دوپہر کے قانون سازی کے کام کے دوران یہ مسئلہ اٹھایا جب قائد حزب اختلاف ملکارجن کھرگے کو بنچ سے بولنے کی اجازت دی گئی اور کھرگے نے ووٹر لسٹ پر نظرثانی کا مسئلہ اٹھانے کی کوشش کی۔
انہوں نے رولز 261، 258، 187 کا حوالہ دیتے ہوئے آرڈر پر سوال اٹھایا اور کہا کہ میں پچھلے کئی دنوں سے دیکھ رہا ہوں، اپوزیشن لیڈر کھڑے ہوتے ہیں، آپ انہیں بولنے کی اجازت دیتے ہیں اورکہتے ہیں بل پر بولیں لیکن وہ ایس آئی آر پر چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنچ حکم دیتا ہے کہ ایسی بات کو کارروائی میں درج نہیں کیا جائے گا، لیکن کچھ ہی دیر میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو جاتا ہے ۔