بلدی کارپوریٹرس کی حلف برداری تقریب کے انتظامات کا جائزہ

   

میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کیلئے بھی تیاریاں، ریاستی الیکشن کمشنر پارتھا سارتھی کا اجلاس

حیدرآباد۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبادکے نومنتخبہ کارپوریٹرس کی حلف برداری تقریب اور مئیرو ڈپٹی مئیر کے انتخاب کے سلسلہ میں کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔تلنگانہ ریاستی الیکشن کمشنر مسٹر پارتھاسارتھی نے مئیر اور ڈپٹی مئیر کے انتخابی مبصر مسٹر سندیپ کمار سلطانیہ ‘ ضلع کلکٹر حیدرآباد مسز شویتا موہنتی ‘ مسٹر انجنی کمار کمشنر حیدرآباد سٹی پولیس اور کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر لوکیش کمار نے آج کونسل ہال اور دیگر امور کا جائزہ لیتے ہوئے 11فروری کو ہونے والی حلف برداری تقریب اور مئیر و ڈپٹی مئیر کے انتخاب کے سلسلہ میں کئے جانے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ مئیر جی ایچ ایم سی کے انتخاب کے لئے رائے دہی میں حصہ لینے والوں میں مرکزی مملکتی وزیرکے علاوہ ریاستی وزراء کی بھی قابل لحاظ تعداد موجود رہے گی اسی لئے سیکیوریٹی کے وسیع انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ ریاستی الیکشن کمشنر مسٹر پارتھا سارتھی نے انتظامات کے دوران اس سلسلہ میں استفسار کیا جس پر انہیں اس بات سے واقف کروایا گیا کہ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ مسٹر جی کشن ریڈی کے علاوہ ریاستی وزراء جناب محمد محمود علی ‘ مسٹر ٹی سرینواس یادو ‘ مسز ستیہ وتی راتھوڑ کے علاوہ ڈپٹی اسپیکر مسٹر پدما راؤ گوڑ بھی جی ایچ ایم سی کے جنرل باڈی اجلا س میں شرکت کریں گے۔ یکم ڈسمبر 2020 کو ہوئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات میں منتخب ہونے والے نومنتخبہ کارپوریٹرس کی حلف برداری کے بعد مئیر اور ڈپٹی مئیر کے انتخاب کیلئے اجلاس منعقد ہوگا۔ ریاستی الیکشن کمشنر نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ کونسل میں نشستوں کی تخصیص کے علاوہ طریقہ کار کے سلسلہ میں تفصیلات کے حصول اور سیکیوریٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔