بلند حوصلوں کے ساتھ امتحانات میں شرکت کریں

   

ضلع پریشد ہائی اسکول جگتیال کے طلبہ کو کلکٹر جی روی کا مشورہ ، بہتر تعلیمی سہولت فراہم کرنے اساتدہ سے خواہش

جگتیال /11 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹر جگتیال جی روی نے آج بروز چہارشنبہ ضلع جگتیال کے تعلقہ بیرپور کے موضع کولوائی کا اچانک دورہ کرتے ہوئے مواضعات کے ترقیاتی پروگرام کے تحت روبہ عمل لائے گئے کاموں کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے بیرپور تعلقہ کے موضع کولوائی میں سڑک کے دونوں جانب صاف صفائی نہ ہونے پر متعلقہ سرپنچ کو صفائی کی تاکید کی۔ اس موقع پر انہوں نے مقامی ضلع پریشد ہائی اسکول کی وداعی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے طلباء کی ہمت افزائی کی اور کہا کہ 19 مارچ سے شروع ہونے والے سالانہ امتحانات میں کسی بھی قسم کے خوف اور ہیجان میں مبتلا نہ ہوں بلکہ بلند حوصلہ کے ساتھ یکسوئی کے ساتھ امتحان میں شرکت کریں اور اساتذہ کو انہوں نے تاکید کی کہ وہ طلباء کو امتحانات کیلئے بہترین انداز میں تیار کریں ۔ طلباء کے مکانات پر سہولیات نہ ہونے پر اسکول ہی میں برقی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کرتے ہوئے انہیں تعلیم فراہم کریں ۔ اچھی تعلیم کے ذریعہ بہترین ملازمت ، تجارت اور زندگی کو گذارا جاسکتا ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے تاکید کی کہ مدرسہ میں صاف صفائی کا خصوصی خیال رکھیں ۔ پلاسٹک کے استعمال پر پابندی کیلئے عوامی نمائندے اقدامات کریں ۔ مابعد انہوں نے مقامی منکی فورڈ کورٹ جو 4 ا یکڑ اراضی پر قائم کرتے ہوئے 1800 لگوائے گئے پودوں اور مقامی مزدوروں کے شناختی کارڈ کا معائنہ کیا ۔ دریں اثناء ضلع کلکٹر جی روی نے اپنے دفتر میں ضلع جگتیال کو زیر تربیت سیول سرویس کے ملازمین کی آمد کے پیش نظر انتظامات سے متعلق اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا ۔ جاریہ ماہ کی 16 تاریخ تا 21 تاریخ تک ضلع کے چار تعلقات کوڑمیاں کے موضع ہمت راؤ پیٹ ، مٹ پلی تعلقہ کے موضع میٹلاچٹاپور ، گولاپلی تعلقہ کے تماپور ، رائیکل تعلقہ کے کمرپلی کا وہ دورہ کریں گے ۔ اس کیلئے تمام سہولیات فراہم کرنے کی 4 تعلقات کے تحصیلداروں اور ایم پی ڈی اوز کو ضلع کلکٹر نے تاکید کی ۔ مواضعات ، تعلقات اور ضلع سے متعلقہ پروفائل تیار کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے روبہ عمل لائے جانے والے فلاحی اسکیمات پر مشتمل تفصیلات کو انہیں فراہم کیا جائے ۔ اس دورہ میں انہیں درکار سہولیات اور تحفظ فراہم کیا جائے ۔ اس موقع پر ڈی آر ڈی اے پی ڈی ٹی لکشمی نارائنا ، کوڑ میال ، مٹ پلی ، گولاپلی ،رائیکل کے تحصیلداروں اور ایم پی ڈی اوز نے شرکت کی ۔