ممبئی 28 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر مہاراشٹرا ادھو ٹھاکرے نے آج چیف منسٹر اترپردیش آدتیہ ناتھ سے فون پر بات کی اور بلند شہر میں دو سادھووں کے قتل پر تشویش کا اظہار کیا ۔ شیوسینا لیڈر سنجے راوت نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ یو پی میں سادھووں کی ہلاکت کو پال گھر واقعہ کی طرح فرقہ وارانہ رنگ نہیں دیا جانا چاہئے ۔ اس طرح انہوں نے بی جے پی پر بالواسطہ طنز کیا ہے ۔ سنجے راوت نے کہا کہ ادھو ٹھاکرے نے چیف منسٹر یو پی سے فون پر بات کی اور بلند شہر واقعہ پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ جب اس طرح کے واقعات پیش آتے ہیں تو ہمیں سیاست کرنے سے گریز کرنا چاہئے اور خاطیوں کو سزا دلانے متحد ہوکر کام کرنا چاہئے ۔ قبل ازیں سنجے راوت نے ٹوئیٹ کرکے دو سادھووں کی موت کو بہیمانہ اور غیر انسانی قرار دیا تھا ۔
