بلند شہر ہجومی تشدد، انسپکٹر پر حملہ کرنے والا ملزم گرفتار

   

بلندشہر (یوپی) ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے ضلع بلندشہر میں مبینہ گاؤکشی کے مسئلہ پر 3 ڈسمبر کو پیش آئے پرتشدد واقعہ میں انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ پر کلہاڑی سے حملہ کرنے کے ملزم ایک شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ ایک پولیس افسر نے کہاکہ کالوا کو پیر کی رات بس اسٹانڈ سے گرفتار کرلیا گیا۔ جس کے ساتھ اس واقعہ کے ضمن میں گرفتار شدہ ملزمین کی تعداد 30 تک پہونچ گئی۔ کالوا نے پولیس سے کہاکہ 3 ڈسمبر کو وہ ایک درخت کاٹ رہا تھا کہ انسپکٹر نے اس کو روک دیا تھا جس کے بعد اس نے انسپکٹر پر کلہاڑی سے حملہ کردیا تھا۔ پولیس نے 27 ڈسمبر کو ایک شخص پرشانت ناٹ کو گرفتار کیا تھا جس نے انسپکٹر پر کلہاڑی سے حملے کے بعد فائرنگ کی تھی۔ گاؤکشی کے واقعہ اور ہجومی تشدد میں مبینہ طور پر ملوث پانچ افراد 18 ڈسمبر کو گرفتار کئے گئے تھے۔ اس ضلع کے مہا گاؤں میں کھیت سے ایک گائے کا ڈھانچہ برآمد ہونے کے بعد تشدد پھوٹ پڑا تھا۔ چنراوتی پولیس چوکی پر ہجومی تشدد کے ضمن میں 27 شناخت شدہ 50 تا 60 غیر شناخت شدہ افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کیا گیا تھا۔ 27 شناخت شدہ ملزمین میں بجرنگ دل کا ایک مقامی لیڈر یوگیش راج بھی شامل ہے جو ہنوز مفرور ہے۔ تاہم ایک فوجی جوان کو کشمیر گرفتار کرلیا گیا ہے۔