بلنکن اورلاوروف کا آئندہ ہفتہ ملاقات کا امکان

   

واشنگٹن : امریکہ کے وزیر خارجہ اور روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اگلے ہفتے میٹنگ کر سکتے ہیں ۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے یہ اطلاع دی۔واشنگٹن پوسٹ کے ایک رپورٹر نے ٹویٹ کر کے کہا کہ روسی فریق نے میٹنگ کے لیے تاریخیں تجویز کی تھیں اور بلنکن نے اسے قبول کر لیا ہے ۔پرائس نے جمعرات کی دیر شب کہا ‘‘ بلنکن نے آج اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اپنے تبصرے میں ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس بحران کا واحد حل سفارت کاری اور بات چیت کے ذریعے ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے روس کے وزیر خارجہ لاوروف سے اگلے ہفتے یورپ میں ملاقات کی تجویز پیش کی تھی ۔ روسی فریق نے اگلے ہفتے کے آخر کی تاریخیں تجویز کیں، جنہیں ہم قبول کر رہے ہیں، بشرطیکہ روس یوکرین پر حملہ نہ کرے ’’۔انہوں نے کہا کہ امریکہ اپنے اتحادیوں اور شراکتداروں کے ساتھ ہم آہنگی کی کوششیں جاری رکھے گا ۔ نیز نیٹو-روس کونسل اور او ایس سی ای کے ذریعے ماسکو کے ساتھ سرگرمیوں کو آگے بڑھائے گا ۔