کیف ۔ امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن یوکرین کے غیر اعلانیہ دورے پر ہیں۔ اس دورے کا مقصدیوکرین پر روسی حملے کے چھ ماہ گزر جانے کے بعد بھی کیف کے لئے امریکہ کی جاری حمایت کا اعادہ کرنا ہے۔ جمعرات کے روز بلنکن نے یوکرین اور اس خطے کے 18 دوسرے ملکوں کے لئے جو ممکنہ طور پر مستقبل میں روسی جارحیت کا ہدف بننے کے خطرے سے دو چار ہیں، 2.6 ارب ڈالر کی امداد کا اعلان کیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ ایسے میں یہ یوکرین کے لئے ایک نازک اور نتیجہ خیز لمحہ ہے جب ملک نے حال ہی میں اپنا یوم آزادی منایا ہے۔ اور جبکہ یوکرینی عوام روسی فوجی جارحیت کا جواب دینے پر اپنی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں اور بلنکن کا کیف کا یہ دورہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے پہلے ہو رہا ہے جو ایک ایسا موقع ہو تا ہے جب عالمی قائد امریکی عہدیداروں کے بقول اقوام متحدہ کے منشور میں درج اقتدار اعلی اور علاقائی سلامتی کے اصولوں کی تجدید نو اور نئے سرے سے تصدیق کے لئے مل بیٹھتے ہیں۔ سینئر عہدیدار نے مزید کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنانے میں مدد دینے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں کہ اس جنگ میں یوکرین غالب رہے اور ہم سیکوریٹی مدد فراہم کر رہے ہیں تاکہ جب وہ مرحلہ آئے جہاں ہم مذاکرات کے ذریعہ اس کے حل کی طرف جائیں تو یوکرین مذاکرات کی میز پر زیادہ سے زیادہ ممکنہ مضبوط پوزیشن میں ہو۔