واشنگٹن : آکوس نامی انڈو پیسفک دفاعی معاہدے پر فرانس کی طرف سے شدید ناراضی کے بعد امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے صورتحال کو سنبھالنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ان کا ملک فرانس کے ساتھ بہت قریبی تعاون رکھتا ہے۔ بلنکن کے مطابق یہ پارٹنر شپ انتہائی اہم ہے۔ امریکہ ، برطانیہ اور آسٹریلیا کے درمیان طے پانے والے سہ فریقی سکیورٹی معاہدے کے تحت امریکہ اور برطانیہ آسٹریلیا کو اس کی جوہری آبدوزیں تیار کرنے میں بھی مدد فراہم کریں گے، جس کی وجہ سے فرانسیسی شپنگ کمپنی ناوال کو کئی بلین ڈالرز کے متوقع فائدے کی امید خاک میں مل گئی ہے۔ پیرس نے اس پیشرفت کو دھوکہ دینے کے مترادف قرار دیا ہے۔