بلوچستان: متاثرہ خواتین میں اضافہ

   

Ferty9 Clinic

مقامی منتقلی کے کیسز کی شرح 98 فیصد
کوئٹہ ۔16جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں عیدالفطر کے بعد کورونا وائرس کی مقامی منتقلی میں تیزی سے اضافے کے ساتھ ساتھ خواتین کے متاثر ہونے کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے۔محکمہ صحت حکومت بلوچستان کی یومیہ رپورٹس کے مطابق عید الفطر سے قبل مردوں کے مقابلے خواتین کی متاثر ہونے کی شرح 21 فیصد تھی لیکن عید الفطر کے بعد دو فیصد اضافے کے ساتھ یہ 23 فیصد ہو گئی۔حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق خواتین میں متاثر ہونے کی شرح میں اضافے کی وجہ وہ مرد ہیں جو کہ احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے کی صورت میں وائرس کو اپنے گھروں میں پہنچاتے ہیں۔دوسری جانب بلوچستان کے 33 اضلاع میں سے 30 اضلاع میں رپورٹ شدہ مجموعی 8177 کیسز میں مقامی منتقلی کے کیسز کی تعداد 8029 ہے جو کہ مجموعی کیسز کے 98 فیصد ہے۔ان میں سے سب سے زیادہ 6531 کیس کوئٹہ سے رپورٹ ہوئے جبکہ دوسرے نمبر پر مقامی منتقلی کے کیسز جعفرآباد میں سامنے آئے ہیں۔جعفر آباد کا شمار بلوچستان کے گرم ترین علاقوں میں ہوتا ہے جہاں سے سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 199 ہے۔147 متاثرین کے ساتھ افغانستان سے متصل سرحدی ضلع قلعہ عبد اللہ تیسرے نمبر پر ہے۔