چمن : شمال مغربی بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللّٰہ کے شہر چمن کے بازار میں پولیس موبائل کے قریب بم دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایک پولیس ملازم شہید جبکہ 5 افراد زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق پولیس موبائل کے قریب بم دھماکا کوئٹہ چمن قومی شاہراہ پر کھڑی موٹر سائیکل میں ہوا ہے۔پولیس نے بتایا ہے کہ دھماکے سے پولیس موبائل سمیت کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ دھماکے کے بعد کوئٹہ چمن شاہراہ پر آمد و رفت بھی معطل ہو گئی۔دھماکہ ہوتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکار دھماکے کی جگہ پہنچ گئے، جنہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ریسکیو اداروں کی ایمبولینسیں اور عملہ بھی دھماکے کے مقام پر پہنچ گئے اور امدادی کام شروع کردیا،شہید اہلکار کی نعش اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
