اسلام آباد : پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ’بلوچستان میں ڈیولپمنٹ سے دہشت گردوں کو شکست دیں گے۔‘عمران خان منگل کو عسکریت پسندوں کا مقابلہ کرنے والے فوجیوں اور ایف سی اہلکاروں سے ملنے بلوچستان کے ضلع نوشکی پہنچے۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کو اعلیٰ فوجی حکام نے نوشکی اور پنجگور حملے سے متعلق بریفنگ دی۔اس موقع پر انہوں نے ایف سی اور رینجرز کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنخواہ دار طبقے کی آمدنی بڑھانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔منگل کو نوشکی میں فوجی اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ مہنگائی صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری دنیا میں مہنگائی کا سیلاب آیا ہے یہاں تک کہ امریکہ اور برطانیہ جیسے ممالک کو بھی اس کا سامنا ہے۔ہمیں احساس ہے کہ تنخواہ دار طبقہ تکلیف میں ہے، کوشش ہیکہ معاشی حالات بہتر ہوں اور لوگوں کی آمدنی میں اضافہ ہوا۔عمران خان نے سکیورٹی اہلکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں یقین ہے کہ ملک کو کوئی نقصان نہیں پہنچ سکتا۔‘وزیر اعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ بلوچستان سمیت ان تمام علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جو پیچھے رہ گئے ہیں۔