اسلام آباد ۔ 19 مئی (ایجنسیز) پاکستان کے شورش زدہ جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں ایک کار بم دھماکہ میں چار افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے۔ حالیہ کچھ عرصہ میں بلوچستان میں پرتشدد واقعات میں نمایاں اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔ کار بم دھماکہ کا یہ واقعہ اتوار کی شب قلعہ عبداللہ کے علاقہ میں ہوا۔ بلوچستان کا یہ علاقہ افغانستان سے متصل ہے۔ مقامی ڈپٹی کمشنر عبداللہ ریاض نے خبر رساں ادارے اسوسی ایٹیڈ پریس کو بتایا کہ دھماکہ سے متعدد دکانوں اور ایک قریبی عمارت کی بیرونی دیوار کو بھی نقصان پہنچا۔ بتایا گیا ہے کہ اس عمارت میں نیم فوجی دستوں کے اہلکار موجود تھے۔ تاحال کسی گروہ نے اس بم دھماکہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ تاہم شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس واقعہ میںبلوچ علیحدگی پسند ملوث ہو سکتے ہیں۔ یہ بات اہم ہے کہ بلوچستان میں علیحدگی پسندی کی مسلح تحریک میں ملوث گروہ سیکوریٹی اہلکاروں اور عام شہریوں کو تواتر سے نشانہ بناتے رہتے ہیں۔ بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے اس بم دھماکے کی مذمت کی اور بتایا کہ واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔