بلوچستان کے ایران سے متصل اضلاع میں ’طبی ایمرجنسی‘ نافذ

   

Ferty9 Clinic

پشاور ۔ 23 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) ایران میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کے بعد پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ایران سے متصل اضلاع میں طبی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔گذشتہ روز ایران میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد چار جبکہ اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 18 ہو گئی تھی جس میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔صوبے میں محکمہ صحت نے گذشتہ ماہ سے اب تک ایران سے واپس آنے والے پاکستانی زائرین سے کہا ہے کہ وہ کھانسی اور بخار کی صورت میں فوری طور پر قریبی ہسپتال میں اپنا طبی معائنہ کرائیں۔بلوچستان حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیے کے مطابق قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے کی معاونت سے تفتان شہر میں 100 بستروں پر مشتمل خیمہ ہسپتال قائم کیا جارہا ہے۔اعلامیہ کے مطابق تفتان بارڈر پر پہلے سے دو ڈاکٹر تعینات تھے جبکہ مزید سات ڈاکٹر آٹھ تھرمل گنز کے ساتھ تفتان پہنچ گئے ہیں جو ایران سے آنے والے زائرین اور دیگر مسافروں کی سکریننگ کریں گے جبکہ اسلام آباد سے این آئی ایچ کی ٹیمیں بھی تفتان پہنچ رہی ہیں جو طبی عملے کو تربیت دیں گی۔تفتان جہاں قانونی طور پر ایران سے تجارت کا سب سے بڑا مرکز ہے وہیں ایران جانے والے پاکستانی زائرین کی آمد ورفت بھی اسی راستے سے ہوتی ہے۔ایران میں ہونے والی ان ہلاکتوں کے بعد گذشتہ روز عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہانوم کا ایک اہم بیان سامنے آیا جس میں انھوں نے کہا کہ ’یہ امکان کہ اس وائرس پر قابو پا لیا جائے گا ’کم‘ ہوتا جا رہا ہے۔‘انھوں نے کہا کہ ’ہمیں تشویش اس بات پر ہے کہ بہت سے کیسز کا براہ راست اس مرض سے کوئی واضح تعلق نظر نہیں آتا جیسا کہ ٹریول ہسٹری یا تصدیق شدہ کیسز کی تاریخ۔‘ان کا کہنا تھا کہ ایران میں ہونے والی اموات اور انفیکشن کی صورتحال ’انتہائی تشویشناک‘ ہے۔