کوئٹہ : پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شمالی علاقہ میں سیکوریٹی فورسز کے کیمپ پر ہوئے ایک دہشت گردانہ حملہ میں فوجیوں سمیت کم از کم 13 افراد ہلاک ہوئے۔ پاکستانی فوج کی طرف سے آج ہفتہ 13 مئی کو جاری کیے گئے ایک بیان میں بتایا گیا کہ ملک کے جنوب مغربی علاقہ میں قائم ایک سیکوریٹی تنصیب پر جمعہ کو صبح سویرے ہونے والے حملہ میں، فوجیوں سمیت کم از کم 13 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ فوجی بیان کے مطابق یہ دہشت گردانہ حملہ بلوچستان کے شمالی علاقہ مسلم باغ میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے ایک کیمپ پر ہوا۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ، آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ کے بعد کلیئرنس آپریشن کے دوران کم از کم چھ فوجی اور ایک شہری ہلاک ہو گیا۔ زخمی ہونے والے دیگر 6 افراد میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق دھاوا بولنے والے جدید اسلحے سے لیس تمام 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا، ’’سیکوریٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر صوبہ بلوچستان کے امن و استحکام اور ترقی کو سبوتاڑ کرنے والوں کی تمام کوششوں کو ناکام بنانے کا عزم مْصمم رکھتی ہے۔‘‘