بلوچستان :گزشتہ ہفتے موسلادھار بارش سے 11افراد فوت

   

اسلام آباد: بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گزشتہ ہفتے کے دوران موسلادھار بارش اور سیلاب کے باعث 11 افراد جاں بحق اور 400 سے زائد مکانات منہدم ہوگئے ۔اس دوران صوبے کا ملک کے دیگر علاقوں سے رابطہ بھی منقطع رہا جبکہ شدید بارش اور سیلاب کے باعث لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، پلوں کو نقصان پہنچا اور شاہراہیں بند ہوگئیں۔پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی بلوچستان کے حکام نے بتایا کہ پنجگور، خاران اور واشک کے اضلاع بری طرح متاثر ہوئے ، ان علاقوں میں زیادہ تر مکانات شدید بارش سے تباہ ہو گئے جب کہ ان علاقوں میں چار روز سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ، بڑی تعداد میں دیہات کا ضلعی ہیڈ کوارٹر سے رابطہ منقطع ہے اور سیکڑوں خاندان بے گھر ہوگئے ہیں۔حکام نے کہا بارش کے باعث پنجگور، واشک، خاران، قلعہ سیف اللہ، پشین، لسبیلہ، حب، ڈیرہ بگٹی، کوہلو، بارکھان، سبی اور بولان میں ڈیمز بھر گئے ہیں، اضافی پانی چھوڑنے کیلئے میرانی، حب اور دیگر ڈیم کے اسپل ویز کھول دیے گئے جس سے نشیبی علاقوں میں واقع کئی دیہات زیر آب آگئے ۔پی ڈی ایم اے حکام کا کہنا ہے کہ موسلا دھار بارش اور سیلاب کے باعث ضلع واشک کے علاقے بسیمہ میں واقع ڈیم ٹوٹ گیا جس سے بڑا علاقہ بری طرح متاثر ہوا، آبادیاں تباہ اور بڑی تعداد میں خاندان بے گھر ہو گئے ۔