پٹرول ٹینک بھی پھٹ پڑا ۔ درگاہ حضرت بھولے شاہ ؒ مغلپورہ کے قریب واقعہ
حیدرآباد۔/12 مئی، ( سیاست نیوز) بھوانی نگر پولیس حدود میں درگاہ حضرت بھولے شاہ ؒ قریب ناصر فنکشن ہال آج شام اس وقت سنسنی پھیل گئی جب بُلٹ موٹر سائیکل میں اچانک آگ لگ گئی اور اس واقعہ میں 10 افراد بشمول دو پولیس کانسٹبلس بھی جھلس گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ اتوار کی شام شوہر اور بیوی بُلٹ موٹر سائیکل پر جارہے تھے کہ گاڑی کے انجن میں اچانک آگ لگ جانے کے نتیجہ میں وہ فوری گاڑی سے اُتر گئے اور کچھ ہی دیر میں آگ نے موٹر سائیکل کو مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ وہاں موجود مقامی افراد آگ پر قابو پانے پائپ کے ذریعہ پانی ڈال رہے تھے اسی دوران بُلٹ کی پٹرول ٹینک سے اچانک آگ بھڑک اٹھنے کے نتیجہ میں 10 افراد آگ کی زد میں آگئے۔ اس واقعہ کو دیکھ کر الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ایک فلائنگ اسکواڈ ٹیم بھی وہاں پہنچ گئی۔ آگ پر قابو پانے کے دوران جہاں نما کے 38 سالہ شوکت، خواجہ پاشاہ ساکن شمس آباد، عبدالرحیم ساکن ملک پیٹ، سعود ساکن تالاب کٹہ، محمد حسین ساکن تالاب کٹہ، شیخ قادر ساکن جہانگیر نگر تالاب کٹہ، محمد ندیم ساکن سلطان شاہی، شیخ عزیز ساکن تالاب کٹہ، محمد غوث ساکن سنتوش نگر اور پولیس کانسٹبل سندیپ زخمی ہوگئے۔ اس واقعہ میں فلائنگ اسکواڈ ٹیم کا خانگی ویڈیو گرافر محمد غوث شدید طور پر جھلس گیا۔ زخمیوں کو دواخانہ منتقل کیا گیا۔ پولیس بھوانی نگر نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا اور اس حادثہ کے منظر کا ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ب