بلڈنگ ریگولرائزیشن سے متعلق فلم اسٹار چرنجیوی کی درخواست

   

جلد فیصلہ کرنے کمشنر بلدیہ کو ہائی کورٹ کی ہدایت
حیدرآباد۔ 15 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو ہدایت دی ہے کہ فلم اسٹار چرنجیوی نے اپنی قیام گاہ واقع جوبلی ہلز میں تعمیری تبدیلیوں کے سلسلہ میں ریگولرائزیشن کی جو درخواست دائر کی ہے اس پر کارروائی کرے۔ جسٹس بی وجئے سین ریڈی نے چرنجیوی کی جانب سے داخل کردہ درخواست پر یہ فیصلہ سنایا۔ چرنجیوی نے ان کی درخواست پر جی ایچ ایم سی حکام کی جانب سے کارروائی نہ کئے جانے پر ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹ کھٹایا۔ انہوں نے قیام گاہ کی تعمیر میں 3333 مربع گز پر مبنی پلاٹ کی توسیع کو باقاعدہ بنانے کی درخواست داخل کی ہے۔ چرنجیوی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 2002 میں G+2 رہائی عمارت کی تعمیر کے لئے اجازت حاصل کی گئی تھی اور منظوری پلان کے مطابق تعمیری کام مکمل کیا گیا۔ 2016 میں بعض تزئین نو کے کام انجام دیئے گئے جس کے لئے بلڈنگ ریگولرائزیشن اسکیم کے تحت جی ایچ ایم سی اسی سال درخواست داخل کی گئی لیکن تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ 2017 میں جی ایچ ایم سی حکام نے عمارت کے روبرو دیوار کی تعمیر کی اجازت دی۔ جاریہ سال جنوری میں چرنجیوی نے ریگولرائزیشن اسکیم کے تحت حکام کو معائنہ کی درخواست کی۔ جی ایچ ایم سی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ چرنجیوی کی درخواست پر ازروئے قانون کارروائی کی جائے گی۔ درخواست کی یکسوئی میں تاخیر کا نوٹ لیتے ہوئے جی ایچ ایم سی کمشنر کو ہدایت دی گئی کہ قانونی امور کی تکمیل کرتے ہوئے چرنجیوی کو نوٹس جاری کی جائے اور ان کی درخواست پر ضروری کارروائی کی جائے۔ 1